اسلام آباد ہائیکورٹ کا احتجاج، ریلی یا دھرنے کی اجازت نہ دینے کا حکم

21 Nov, 2024 | 08:47 PM

احتشاں کیانی : اسلام آباد ہائیکورٹ کا احتجاج سے متعلق نئے قانون کی خلاف ورزی میں احتجاج، ریلی یا دھرنے کی اجازت نہ دینے کا حکم دے دیا ۔ 

پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں احتجاج رکوانے کیلئے دائر درخواست پر تحریری حکمنامہ جاری کردیا گیا ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے تحریری حکمنامہ جاری کیا۔ 

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے حکومتِ پاکستان کو پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کیلئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی گئی ۔ عدالت کا کہنا ہے کہ مناسب ہو گا کہ حکومت وزیرداخلہ یا کسی اور شخص کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے، حکومت کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی پی ٹی آئی قیادت کو انگیج کرے ۔ کمیٹی پی ٹی آئی قیادت کو بیلاروس کے صدر کے دورے کے دوران حساس صورتحال سے آگاہ کرے ۔  کمیٹی میں چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی شامل کیا جائے ۔ عدالت کو یقین ہے کہ جب یہ رابطہ ہو گا تو کچھ نا کچھ پیش رفت ہو گی ۔ 

 تحریری حکمنامہ میں کہا گیا کہ مذاکرات میں کوئی بریک تھرو نہیں ہوتا تو فریقین امن و امان کی صورتحال یقینی بنائیں، حکومت و انتظامیہ اسلام آباد میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کریں، پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی بھی آج کی کارروائی میں عدالت میں پیش نہیں ہوا، امید ہے پی ٹی آئی وزیرداخلہ کی جانب سے سامنے لائے گئے پہلوؤں پر غور کریگی ، امید ہے پی ٹی آئی قیادت بنائی گئی کمیٹی کے ساتھ بامقصد بات چیت کرے گی ۔ 

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ سے 27 نومبر کو رپورٹ طلب کر لی ۔ 

مزیدخبریں