سٹی 42 : پاکستان کی اعلیٰ ریاستی اور سیاسی قیادت نے کرم میں معصوم شہریوں بشمول خواتین، بچوں کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز عمل قرار دیا ہے۔
صدر مملکت کی جانب سے ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ نہتے مسافروں پرحملہ انتہائی بزدلانہ اور انسانیت سوز عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں پر حملے کے ذمےداران کو کیفر کردار پہنچایا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کرم میں قافلے پر حملے کی شدید مذمت
وزیراعظم شہباز شریف نے کرم میں معصوم شہریوں بشمول خواتین، بچوں کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کی اور حملے میں خواتین، بچوں سمیت جاں بحق افراد کی بلندی درجات، اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ معصوم شہریوں کا خون بہانے والے مسلمان تو کیا انسان کہلانے کے لائق نہیں۔ شہباز شریف نے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حملہ آوروں کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ امن کے دشمنوں نے معصوم شہریوں کے قافلے پر حملہ کیا جو حیوانیت کے مترادف ہے، ملک دشمن عناصر کے وطن عزیز کے امن کوتباہ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث شر پسند عناصر کی نشاندہی کرکے مثالی سزا دی جائے گی، تخریب کار بزدلانہ کارروائیوں سے بہادر قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، شرپسند عناصر معصوم شہریوں کا خون بہاتے ہیں وہ مسلمان تو کیا انسان کہلانے کے لائق نہیں۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کی معصوم شہریوں پر حملے کی شدید مذمت
وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے ضلح کرم میں معصوم شہریوں بشمول خواتین، بچوں کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کی گئی۔
محسن نقوی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے حملوں پر اظہارتشویش کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا ۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی کرم میں دہشتگرد حملے کی مذمت
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بھی ضلع کرم میں مسافروں گاڑیوں پر مسلح افراد کے حملے کی مذمت کی۔ علی امین نے صوبائی وزیرقانون، متعلقہ ایم این اے و ایم پی اے،چیف سیکرٹری کو کرم کا دورہ کرنے کی ہدایت کی، کہا کہ وفد کرم جاکر وہاں کے معروضی حالات کا خود جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے، کرم میں صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے سابقہ جرگے کو دوبارہ فعال کیا جائے۔
وزیر اعلی علی امین کی جانب سے حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے مالی امداد کا اعلان بھی کیا گیا۔
واضح رہے کہ ضلع لوئر کرم میں مسافر گاڑیوں پر دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 38 افراد جاں بحق گئے، جبکہ حملے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی حکام کی جانب سے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
واقعے کے بعد وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے حملوں پر اظہارتشویش کیا۔