ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عائزہ خان اور شاہ رخ خان  نئے پراجیکٹ  میں کاسٹ، ٹیزر نے تہلکہ مچا دیا

عائزہ خان اور شاہ رخ خان  نئے پراجیکٹ  میں کاسٹ، ٹیزر نے تہلکہ مچا دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:  پاکستانی اداکارہ عائزہ خان کا بالی وڈ کے 'بادشاہ' شاہ رخ خان کے ساتھ نئے پراجیکٹ کے ٹیزر نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو زیرِگردش ہے جو پاکستانی پریمیئر براڈکاسٹ اور فلم انٹرٹینمنٹ کمپنی 'سیونتھ اسکائے' کے بینر تلے بننے والے ڈرامے کا ٹیزر ہے۔اس ٹیزر میں ایک ایسی جوڑی نظر آئی جس کو ایک ساتھ دیکھنا شاید ہی کسی کے وہم و گمان میں آیا ہوگا۔

اس ڈرامے میں عائزہ خان اور شاہ رخ خان ایک دوسرے کے مدِ مقابل کاسٹ کیے گئے ہیں اور  ڈرامے کی کہانی 'شہناز' نامی فلم اسٹار کے گرد گھوم رہی ہے جو عزت، دولت، شہرت سب حاصل کرچکی ہے اور اب اسے بس محبت کی تلاش ہے۔

ان ڈائیلاگز کے بعد ٹیزر میں شاہ رخ خان کی انٹری ہوتی ہے جن کا لائف اسٹائل بھی کسی سپر اسٹار سے کم نہیں دکھایا گیا اور ڈائیلاگ بیک گراؤنڈ میں سنائی دیتے ہیں کہ 'اس کی آنکھوں میں نشہ ہے، چال میں لہک ہے، شخصیت میں ایک چمک ہے، وہ اسٹار ہے، سپر اسٹار'۔اس کے بعد عائزہ خان کی چیختی ہوئی آواز سنائی دیتی ہے کہ 'قسم سے میں سچ بول رہی ہوں، آپ کے بیٹے نے دھوکا دیا ہے مجھے، جھوٹ کہہ رہا ہے یہ'۔ اور پھر غم میں ڈوبی عائزہ خان کے چند سینز شامل کیے گئے۔

اگرچہ ڈرامے کا ٹیزر پاکستانی سپرہٹ ڈراموں کی طرح پر تجسس کہانی کو خود میں سموئے بیٹھا ہے وہیں ڈرامے میں کچھ سینز دیکھ کر مداحوں کو عائزہ خان کے متعدد ڈراموں کے سینز یاد آگئے۔

خیال رہے کہ یہ کوئی اصل ڈرامے کا ٹیزر نہیں بلکہ عائزہ خان کے چند ڈراموں کی سینز کو ترتیب سے جوڑ کر شاہ رخ خان کے گاڑی کے اشتہار سے کلپس نکال کر ایک ساتھ ایسے جوڑا ہے کہ کسی ڈرامے کا ٹیزر بنا دیا ہے۔اس ویڈیو کو خود عائزہ خان نے بھی انسٹاگرام پر بطور اسٹوری شیئر کیا اور لکھا کہ 'ریلیز کب ہوگا یہ بھی بتادیں'۔

 کمنٹ سیکشن میں سوشل میڈیا صارفین 'بہترین ایڈیٹنگ' لکھتے نظر آرہے ہیں جبکہ ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ 'اگر شاہ رخ خان کی جگہ کوئی اور ہوتا تو میں مان بھی لیتا کہ سچ ہے'۔

یاد رہے کہ  عائزہ خان نے ماضی میں یہ انکشاف کیا تھا کہ انہیں بالی وڈ سے فلم کی آفرز ہوچکی ہیں جن کو انہوں نے ٹھکرا دیا کیونکہ جس طرح کا کام وہاں کرنا پڑتا ہے وہ میں جب اپنے لوگوں اور ملک میں نہیں کرسکتی تو کہیں اور کیسے کرسکتی ہوں۔