گوجرانوالہ میں پنجاب کابینہ کا تاریخی اجلاس، چار نئے پروجیکٹس کی منظوری

21 Nov, 2023 | 06:08 PM

This browser does not support the video element.

سٹی42:  پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار گوجرانوالہ میں پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا۔ آج منگل کے روز وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں 4  اہم پراجیکٹس کی منظوری دی گئی۔ گوجرانوالہ میں نئی سبزی منڈی اور گوالہ کالونی بنائی جائے گی،شہر میں 2ماڈل قبرستان بنانے کی منظوری بھی دے دی گئی۔

پنجاب کابینہ کے اجلاس میں ڈسکہ میں پنجاب یونیورسٹی کے کیمپس کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ گوجرانوالہ کے ڈی پی ایس میں 24 نئے کلاس رومز بنائے جائیں گے۔

پنجاب کابینہ نے گندم کی کم ازکم امدادی قیمت 4ہزار روپے فی من مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔
 امدادی قیمت میں اضافے سے کاشتکارو ں کوریلیف ملے گا۔

دوران سروس وفات پانے والے سرکاری ملازمین کے لواحقین کے لئے مالی امداد کے پیکیج میں اضافے کا فیصلہ  کیا گیا۔

فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کے لیے فنڈز کی فراہمی کی منظوری  دی گئی۔

آرٹسٹ انڈوومنٹ فنڈ سے مستحق فنکاروں کی معاونت کی جائے گی۔

لاہور میں دل کا ایک اور ہسپتال بنے گا۔ جناح ہسپتال لاہورکے ایمرجنسی اینڈ ٹراما سینٹر کی جگہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنے گا۔ کابینہ نے  منظوری دے دی 

میو ہسپتال کی 7 برس سے بند سی ٹی سکین مشین کو آپریشنل کرنے کے لئے فنڈز کے اجراء کی منظوری  دی گئی۔

 ٹرانسپور ٹ گاڑیوں کی انسپکشن  فیس میں نظرثانی کی منظوری بھی دی گئی۔

پنجاب حکومت  اپنے وسائل سے پی ایس ڈی پی کی سکیم کے تحت سرگودھا میانوالی روڈ کی تعمیر و بحالی لئے اضافی فنڈز فراہم کرے گی۔ کابینہ نے منظوری دے دی 

کابینہ نے محکمہ آبپاشی کی ریکوری پر عدم اطمینان کا اظہار  کیا اور ریکوری بہتر بنانے کے لئے موثر مینجمنٹ اور پلاننگ کی ہدایت کی۔

کابینہ کے 32 ویں اجلاس میں وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری،انسپکٹرجنرل پولیس،سیکرٹریزاور دیگر حکام شریک ہوئے۔

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نےعوامی فلاح و بہبود کے جاری منصوبوں کے بارے میں کابینہ ارکان کوبریفنگ دی۔

مزیدخبریں