(علی ساہی)گاڑیوں کی بائیو میٹرک تصدیق کے حوالے سے اہم اقدام، اوپن لیٹر پر چلانے والے لاکھوں مالکان کو گاڑی اپنے نام کرانے کے لئے نظام میں 2 ماہ کی نرمی کردی گئی۔مکمل کوائف کے بعد متعلقہ اتھارٹی کی اجازت کے بعدگاڑی ٹرانسفر ہوگی ،نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
گاڑیوں کی ٹرانسفر کے لئے 2 ماہ کےلئےمخصوص کیسزمیں بائیو میٹرک کا نظام معطل کردیا گیا ،سیکرٹری ایکسائز کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دو ماہ کے دوران گاڑیوں کی ٹرانسفر کےصرف ہارڈ شپ کیسز میں بائیو میٹرک نہیں ہوگی۔
لاکھوں کی تعداد میں گاڑیاں اوپن لیٹر پر چل رہی ہیں جسکی وجہ سے شہریوں کی گاڑیاں ٹرانسفر نہیں ہو پارہی تھیں کیونکہ خریدار اور فروخت کنندہ دونوں کی بائیو میٹرک تصدیق لازمی تھی اور شہریوں کو فروخت کنندہ نہیں مل رہے تھے،ایسے کیسز میں موٹر رجسٹریشن اتھارٹی کی منظوری کے بعد بائیو میٹرک کی معافی ہوگی۔کار ڈیلرز فیڈریشن اور گاڑی مالکان کی جانب سے لاکھوں گاڑیوں کی ٹرانسفر اوپن لیٹر پر ہونے کی وجہ سے درخواست کی گئی تھی۔سیکریٹری ایکسائز نےبائیومیٹرک میں نرمی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔