اسلام آباد کے داخلی راستے بند کیے جاسکتے ہیں،پولیس

21 Nov, 2022 | 10:24 AM

ویب ڈیسک: اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ 26 نومبر کو راولپنڈی سے اسلام آباد داخل ہونے والے راستوں کو بند کیا جاسکتا ہے، جس سے لوگوں کو مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کی زیر صدارت امن عامہ کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں اسلام آباد سے ملحقہ علاقہ میں متوقع سیاسی جماعت کے جلسہ کے بارے میں خطرات کا تخمینہ لگایا اور تمام تر سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں کسی بھی قسم کے غیر قانونی عمل کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، 26 نومبر کو راولپنڈی سے اسلام آباد کے داخلی راستوں کو بند کیا جا سکتا ہے جس سے لوگوں کو مشکلات پیش آسکتی  ہیں، اسلام آباد میں کوئی بھی سیاسی سرگرمی قانون کے مطابق اور اسلام آباد انتظامیہ کی اجازت سے ہو گی۔

ریڈ زون کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پولیس ،ایف سی اور رینجرز تعینات ہو گی اور سکیورٹی کو بہتر بنایا جائے گا، دہشت گردی کے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع بھرمیں سرچ آپریشنز کئے جائیں گے ، کسی قسم کی قانونی رکاوٹ پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ضلع بھر میں ڈیوٹی پر تعینات نفری کی سی پی او ہیڈ کوارٹرز خود نگرانی کریں گے اور ان کی رہائشوں، خوراک اور دیگر سہولیات کا خیال رکھیں گے، ڈی آئی جی سطح کے افسران بھی اسلام آباد میں تعینات سپاہ کے لیے تمام تر سہولیات کا خود جائزہ لیں گے۔

ڈیوٹی پر تعینات تمام اہلکاروں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے اور اہلکاروں کو ڈرونز اور باڈی کیمرے مہیا کر دئیے گئے ہیں، آئی جی اسلام آباد نے کہا ہےکہ اسلام آباد کے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن عامہ کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔

مزیدخبریں