بڑھتے کولیسٹرول کو کیسے کم کیا جائے؟ماہرین نے انتہائی آسان حل بتا دیا

21 Nov, 2021 | 06:28 PM

Imran Fayyaz

(ویب ڈیسک)موٹاپے کی ایک بڑی وجہ کولیسٹرول کا بڑھنا بھی ہے جس سے مجموعی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، کولیسٹرول لیول بڑھنے سے انسان کئی بیماریوں میں گھر سکتا ہے جن میں دل، جگر اور ہڈیوں کا درد عام شکایتیں ہیں۔اس کے علاوہ سینے میں درد، دِل کا دورہ اور فالج جیسی بیماریوں کا بھی خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
  طبی ماہرین نے انسانی جسم میں کولیسٹرول لیول کے بڑھنے کو ایک خطرناک علامت قرار دیا ہے کیونکہ اس سے دل کی بیماریوں سمیت وزن میں اضافہ، شریانوں میں چربی کا جم جانا، جسم میں خون کی نا مناسب ترسیل، سانس کا پھولنا اور دماغ اور جسمانی اعضاء کا صحیح کام نہ کرنا شامل ہے۔

 اب جسم میں بڑھتے کولیسٹرول کو کیسے کم کیا جا سکتا ہے یہ سوال اہم ہے ،امریکی طبی ماہرین کے مطابق روزانہ صرف 252 گرام انگور یا کشمش کھانے سے جسم میں مضر کولیسٹرول کم ہوجاتا ہے۔ انگور کے طبی فوائد صدیوں سے ہمارے علم میں ہیں جبکہ جدید سائنسی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اس میں کئی طرح کے مفید نباتاتی مرکبات یعنی فائٹو کیمیکلز پائے جاتے ہیں۔مزید تحقیقات سے پتہ چلا کہ انگور، انگور کے رس، یا انگور سے حاصل کردہ فینول قسم کے مرکبات کو بھی اینٹی آکسیڈینٹ کے علاوہ جراثیم اور وائرسوں کے خلاف مؤثر پایا گیا ہے۔

 طبی ماہرین کے مطابق  اپنی صحت کو برقرار رکھنے، خاص طور پر کولیسٹرول کی سطح کو نارمل رکھنے کے لیے ورزش بہت ضروری ہے۔ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ لوگ جو زیادہ ورزش کرتے ہیں، ان کا ’گڈ کولیسٹرول‘ زیادہ ہوتا ہے، بہ نسبت ان لوگوں کے جو ورزش نہیں کرتے۔

 اس کے علاوہ اومیگا 3 فیٹی ایسڈ سے بھرپور اخروٹ آپ کی دل کی صحت کے لئے بہت اچھا ثابت ہوسکتا ہے۔ اخروٹ میں موجود پروٹینز اور وٹامنز کولیسٹرول کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

اخروٹ، بادام، کاجو اور پستے جیسے میووں کو اگر کولیسٹرول کا مریض اپنے ناشتے میں استعمال کرے تو یہ کولیسٹرول کی وجہ سے مریض کے بڑھتے ہوئے وزن کو کم کرے گا اور اِس سے صحت بھی اچھی ہوگی۔

لہسن بھی ہمارے کولیسٹرول اور ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق یہ معلوم ہوا ہے کہ لہسن میں ایسی خصوصیات پائی جاتی ہیں جو جسم میں خون کو گاڑھا ہونے اور جمنے سے روک سکتی ہیں۔

مزیدخبریں