لاہور میں کورونا کے وار تیز، مزید 8 اموات، 264 نئے کیس رپورٹ

21 Nov, 2020 | 12:13 PM

Sughra Afzal

جیل روڈ (زاہد چودھری/جنیدریاض/عمراسلم)   لاہور میں کورونا کے حملے تیز ہوگئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 8 افراد دم توڑگئے، جبکہ 264 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ہسپتالوں میں داخل متاثرہ افراد کی تعداد بھی 202 ہوگئی، جن میں سے 91 آئی سی یو اور 20 وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں۔ 

مسلم لیگ( ن) کے رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی میاں نصیر احمد بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے، میاں نصیر احمد نے اپنے آپ کو قرنطینہ کر لیا ہے، گورنمنٹ بوائز سکول ماڈل ٹاؤن میں 2 طلبا کے بعد ڈپٹی ہیڈ ماسٹر بھی وائرس سے متاثر ہوگئے، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ سکول قلعہ گجر سنگھ کی ٹیچر وائرس میں مبتلا ہوگئیں، کورونا کے بڑھتے وارکے سبب سکولوں میں قبل ازوقت چھٹیوں کے معاملہ بھی چیلنج بن گیا، ایجوکیشن اتھارٹیز کا مشاورتی اجلاس بھی طلب کر لیا گیا، اجلاس میں سکولوں میں نیا سال اگست سے شروع کرنے اور پیک امتحانات ختم کر نے پر غور ہو گا۔

محکمہ پرائمری ہیلتھ نے پرائیویٹ ہسپتالوں سے کورونا سے ہونے والی اموات کا مکمل ڈیٹا حاصل کرلیا، 6 ماہ کے دوران پنجاب بھر کے پرائیویٹ ہسپتالوں میں 292 اموات کا انکشاف ہوا، جن میں سے 137 اموات لاہور میں ہوئیں جو رپورٹ نہیں ہوسکیں، ان سے محکمہ پرائمری ہیلتھ کو آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔

 محکمہ پرائمری ہیلتھ کی جانب سے کورونا سے ہونے والی اموات کا درست ڈیٹا جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پنجاب بھرمیں کورونا وبا کے دوران اموات کی مجموعی تعداد 2811 اور لاہور میں 1131 ہوگئی ہے۔ 

ترجمان پرائمری ہیلتھ کے مطابق پرائیویٹ ہسپتالوں میں ہونے والی اموات غلط نام و پتہ، شناختی کارڈ کی عدم دستیابی، کورونا نتائج میں تاخیر کی سمیت مختلف وجوہات کی بنا پر بروقت سنٹرل ڈیٹا میں شامل نہیں کی جاسکی تھیں۔

 

 

 

مزیدخبریں