لوئر مال (ریحان گل) بلدیاتی اداروں کے اپنے علیحدہ ترقیاتی پروگرام پر کام تیز، محکمہ بلدیات نے بلدیاتی اداروں کو ترقیاتی سکیمیں جلد بھجوانے کی ہدایت کردی، لاہور کو اڑھائی ارب روپے کی ترقیاتی سکیمیں دی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق محکمہ بلدیات پنجاب نے بلدیاتی اداروں کے ترقیاتی پروگرام کو حتمی شکل دینے کیلئے ترقیاتی سکیمیں جلد جمع کروانے کی ہدایت کردی، ذرائع کے مطابق پنجاب بھر کے بلدیاتی اداروں کو 36 ارب روپے کا پروگرام دیا جائے گا، جس میں لاہور کا حصہ اڑھائی ارب روپے رکھا گیا ہے، ترقیاتی پروگرام میں رواں مالی سال کے ترقیاتی فنڈز اور پی ایف سی شیئر کا 50 فیصد شامل کیا جائے گا۔
فارمولے کے تحت لاہور کو ترقیاتی پروگرام کی مد میں ایک ارب 36 کروڑ اور پی ایف شیئر کی مد میں 1 ارب 12 کروڑ روپے ملیں گے، ترقیاتی سکیموں کے لئے ارکان اسمبلی سے مشاورت کی جائے گی اور رواں مالی سال میں ہی ترقیاتی سکیموں پر کام شروع کیا جائے گا۔
دوسری جانب ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کا اجلاس 27 نومبرکوطلب کرلیا گیا، وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران نے گورننگ باڈی کا اجلاس جمعہ کو طلب کرلیا، اجلاس میں ایل ڈی اے سٹی کے کمرشل ایریا کی فروخت، ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کا ایجنڈا پیش کیا جائے گا جبکہ اپارٹمنٹس کی تعمیر کیلئے ایسکرو اکاونٹ کھولنے، ایل ڈی اے ایونیو ون کا بزنس پلان، ایل ڈی اے ایونیو ون کو ماڈل سوسائٹی بنانے کا ایجنڈا بھی پیش ہوگا۔