(زین مدنی )گلوکار و اداکار محسن عباس حیدر نے گھریلو تنازعات کے باعث کچھ عرصہ شوبز انڈسٹری سے دور رہنے کے بعد ایک بار پھر واپسی کی تیاری شروع کردی۔
تفصیلات کے مطابق محسن عباس حیدر اپنے ایک نئے گیت کے ساتھ واپس آرہے ہیں۔ اس ضمن میں انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر گانے کا پوسٹر بھی جاری کیا ہے جس کا نام روح رکھا ہے۔ گانے کے پوسٹر پر اب تک نعمان اعجاز، اداکارہ نمرہ خان، ہدایت کار ثاقب ملک اور مزاحیہ اداکار افتخار ٹھاکر کی جانب سے اپنے پیغامات میں نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل محسن عباس حیدر اور ان کی سابقہ اہلیہ فاطمہ سہیل کے درمیان تنازع سامنے آیا تھا جس کے بعد ان کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی ۔ واقعے کی وجہ سے نہ صرف محسن عباس کی نجی زندگی متاثر ہوئی بلکہ ان کے ابھرتے ہوئے کیریئر کو بھی بڑا دھچکا لگا تھا۔