(شاہین عتیق) احتساب عدالت کے جج جوادالحسن نے پیرا گون سٹی کیس کی سماعت 29 نومبر تک ملتوی کر دی، عدالت میں خواجہ برادران کے وکیل امجد پرویز نے دو گواہوں پر اپنی جرح مکمل کر لی۔
احتساب عدالت میں پیرا گون سٹی کیس کی سماعت ہوئی، عدالت میں دو گواہوں مقصود احمد اور اعجاز احمد کو نیب کی طرف سے پیش کیا گیا جس پر سعد رفیق کے وکیل امجد پرویز نے اپنی جرح مکمل کی، عدالت نے مزید گواہوں کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔
پیشی کے موقع پر سعد رفیق نے پولیس کی طرف سے ان کو گاڑی سے باہر نہ نکالنے اور عدالت میں ساتھ کھڑے رہنے پر پولیس کی شکایت کی، جس پرعدالت نے پولیس اہلکاروں کو کمرہ عدالت سے نکال دیا۔
وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے پروڈکشن آڈر جاری ہونے پر خواجہ سعد رفیق کو اسلام آباد لیجانے کی اجازت دے دی۔
خواجہ سعد رفیق نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران حکومت کا دور ختم ہونیوالا ہے، انتقامی کارروائی سے ملک نہیں چلتے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان رفیق نے پولیس کے رویے پر سخت تنقید کی، ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے عدالتی ماحول کو خراب کر کے رکھ دیا۔