ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کہیں سموگ کہیں فوگ لاہور شہر دھندلا گیا، سانس لینا دوبھر

کہیں سموگ کہیں فوگ لاہور شہر دھندلا گیا، سانس لینا دوبھر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42) محکمہ ماحولیات کے اقدامات دعوؤں اور وعدوں تک محدود، باغوں کا شہر لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا، ائیر کوالٹی انڈیکس 400 سے تجاوز کرگیا۔

باغوں کے شہر لاہور کو سموگ  اور دھند نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، ہر منظر دھندلا گیا،  دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، فیکٹریوں اوربھٹوں کے خلاف کارروائیوں کے باوجود لاہور کو ریڈ زون سے نکالا نہ جا سکا، لاہور کا اوسطاً ائیر کوالٹی انڈیکس 400 سے تجاوز کر گیا، شہر میں فضائی آلودگی کی وجہ سے سانس لینا بھی دشوار ہوگیا، سموگ کے باعث کل لاہور کے نجی اور سرکاری سکول بند رہیں گے۔

 مال روڈ کے اطراف ایئرکوالٹی انڈیکس 818، شادمان گلبرگ میں 712، خدابخش کالونی میں 524 اور گڑھی شاہو میں 471 ریکارڈ کیا گیا۔  

  سموگ اور دھند کے باعث لاہور رنگ روڈ کو بند کرد یا گیا، لاہور آنے والی تین پروازوں کا رُخ اسلام آباد کی جانب موڑ دیا گیا،  رات اور صبح کے اوقات میں حدنگاہ میں کمی کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔  

موٹر وے انتظامیہ کے مطابق سموگ اور دھند کی وجہ سے موٹر وے  پر حد نگاہ 500 سے 600 میٹر تک جا پہنچی، جس کی وجہ سے موٹر وے پر سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

طبی ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوران سفر منہ کو ماسک سے ڈھانپ کر رکھیں جبکہ دن میں تین سے چار بار پانی سے آنکھیں اور منہ دھوئیں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے کہا کہ فوگ اور سموگ میں احتیاطی تدابیر اپنانے سے محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا سکتا ہے،موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے شہری دھند میں فوگ لائٹس کے استعمال کو یقینی بنائیں، اوورٹیکنگ اورگاڑی کو مین روڈ پر پارک کرنے سے اجتناب کیا جائے، گاڑی کے فرنٹ اور بیک ویو مرر پر اوس نہ جمنے دیں۔

Sughra Afzal

Content Writer