اسحاق ڈار  کے بشکیک میں حکام سے پاکستانیوں کے مسائل پر مذاکرات، زخمی پاکستانی مزدور کو ساتھ واپس لائیں گے 

21 May, 2024 | 10:28 PM

سٹی42: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نیشنل ہسپتال بشکیک کا دورہ کیا اور وہاں زیر علاج پاکستانی محنت کش کی عیادت کی۔ اسحاق ڈار نے کرغیز وزراء کی کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین سے ملاقات بھی کی۔  

کرغزستان پہنچنے کے فوراً بعد، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بشکیک میں نیشنل ہسپتال، بشکیک کا دورہ کیا۔  دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ انہوں نے نیشنل ہسپتال میں حالیہ ہجومی تشدد کے دوران زخمی ہونے والے پاکستانی ٹیکسٹائل ورکر، مشاہ زیب سے ملاقات کی۔نائب وزیراعظم نے شاہ زیب کی خیریت دریافت کی۔ بشکک میں غیر ملکیوں پر تشدد کے واقعات کے دوران زخمی ہونے والے پاکستانی مزدور شاہزیب نے پاکستان واپسی کی خواہش کا اظہار کیا۔

 نائب وزیر اعظم ڈار کا ہسپتال میں کرغیز کابینہ کے نائب چیئرمین ایڈل بیسالوف اور کرغیز وزیر صحت علیم قادیر بیشینالیف نے استقبال کیا۔ 

ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ  نائب وزیراعظم کی درخواست پر، کرغیز حکام نے  پاکستانی مزدور شاہزیب کو ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شاہزیب کا مزید علاج پاکستان میں ہو گا۔ وہ نائب وزیراعظم  اسحاق ڈار کے ساتھ خصوصی طیارے پر پاکستان آئیں گے۔

اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے  کرغزستان کے ڈپٹی چیئرمین کیبنٹ آف منسٹرز ایڈل بیسالوف کے ساتھ ایک انتہائی نتیجہ خیز ملاقات کی۔

 نائب وزیراعظم  اسحاق ڈار نے جمہوریہ کرغزستان میں مقیم پاکستانی ٹیکسٹائل ورکرز کی فلاح و بہبود سے متعلق معاملات کو اٹھایا۔

کرغیز رہنما نے پاکستانیوں کے ویزا کی حیثیت سے متعلق مسائل کا جلد از جلد حل تلاش کرنے اور کرغز جمہوریہ میں ان کے مستقل قیام کو باقاعدہ بنانے کے لیے آمادگی ظاہر کی۔

ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ  فریقین حکومت سے مزدوروں کی نقل و حرکت کے معاہدے پر بات چیت شروع کرنے پر بھی متفق ہو گئے۔  فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

مزیدخبریں