محسن نقوی کی ہدایت پر مارگلہ پہاڑیوں پر آگ  بجھانے والے عملے کیلئے اعزازیہ  کا اعلان

21 May, 2024 | 04:08 PM

سٹی42:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے مارگلہ پہاڑیوں پر آگ  بجھانے والے عملے کو اپنے دفتر خصوصی مہمان بنایا۔ 

مارگلہ پہاڑیوں پر آگ  بجھانے والے عملے کی تاریخ میں پہلی بار حوصلہ افزائی کی گئی۔چئیرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا  مارگلہ پہاڑیوں پر آگ بجھانے والے عملے کی نشتوں پر گئے ، مصافحہ کیا اور ان سب کو شاباش دی۔ چئیرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر  اسلام آباد نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لینے والے عملے کے لئے اعزازیہ  کا اعلان بھی کیا۔ 

اس موقع پر محمد علی رندھاوا وفاقی نے کہا کہ وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر عملے کو حوصلہ افزائی کے لئے بلایا اور آگ بجھانے والے عملے کو اعزازیہ بھی دیا جائے گا۔آتشزدگی کے دوران پہاڑیوں تک رسائی آسان بنانے کے لئے عملے کو جدید آلات  دیئے جائیں گے۔ آتشزدگی کے دوران  عملے کی   آمدورفت کیلئے  گاڑیاں بھی لی جائیں گی۔ آپ سب نے 2 بار مارگلہ  پہاڑیوں پر آگ پر بروقت قابو پایا، آپ نے محنت کے ساتھ آگ پر قابو پا کر بڑے نقصان سے بچا لیا ہے۔

محمد علی رندھاوا نے مزید کہا کہ شدید گرم موسم میں مارگلہ پہاڑیوں پر آتشزدگی کا خدشہ ہے، آپ پہلے کی طرح اپنی تیاریاں مکمل رکھیں۔ آپ کے مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن اور ممبر ماحولیات سی ڈی اے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں