سٹی42 : تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 8 جون کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے ٹویٹ میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے تحت اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 8 جون کو اسلام آباد ایف نائن پارک میں جلسے کی اجازت کے لیے درخواست بھی دے دی ہے۔ عمر ایوب نے کہا کہ منگل کو لاہور ہائیکورٹ میں فیصل آباد میں جلسے کی اجازت سے متعلق سماعت ہے، کراچی میں جلسے کا ٹارگٹ 2 جون ہے۔
واضح رہے کہ درخواست فوکل پرسن تحریک تحفظ آئین اخونزادہ یوسفزئی اور تحریک انصاف کے ریجنل صدر عامرمغل نے دی، درخواست میں 8 جون،بروز ہفتہ شام کے وقت ایف نائن پارک میں جلسہ کی اجازت مانگی گئی،درخواست میں اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف سے مارچ میں جلسےکی اجازت کا حوالہ بھی دیا گیا کہ مارچ کا جلسہ رمضان کے آخری عشرے کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق جلسے کے مہمان خصوصی وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور ہوں گے اورجلسے سے بیرسٹر گوہر خان، عمرایوب، عامرمغل، شعیب شاہین، علی بخاری اوردیگر قیادت بھی خطاب کرے گی۔
واضح رہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ سینیئر سیاستدان محمود اچکزئی ہیں جبکہ اس میں پاکستان تحریک انصاف سمیت 6 سیاسی جماعتیں شامل ہیں۔