مانیٹرنگ ڈیسک: بڑی عید پر بڑی موجیں، عیدالاضحیٰ پر سنیما جانے والے ایک ٹکٹ پر تین فلموں کو انجوائے کرسکیں گے۔
بڑی عید پر ریلیز ہونے والی ’تیری میری کہانیاں‘ 3 کہانیوں پر مبنی ایک مختلف شارٹ فلم ہے جس کی کاسٹ میں ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ کے ہیرو اداکار وہاج علی بڑے پردے پر جلوہ گر ہوں گے جبکہ پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی جانی مانی اداکارہ مہوش حیات ان کے ہمراہ دکھائی دیں گی ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پرڈیوسر سیمی نوید نے بتایا کہ ’یہ ایک بڑے بجٹ کی فلم ہے جسے کراچی کے مختلف مقامات پر فلمایا گیا ہے، اگر فلم کی سب سے اچھی بات پوچھی جائے تو وہ یہ ہے کہ تیری میری کہانیاں میں آپ کو پاکستان کے 3 نامی گرامی ڈائریکٹرز کا کام نظر آئے گا'۔
سیمی نوید کے مطابق 'ان ڈائریکٹرز میں سر فہرست ندیم بیگ، مرینہ خان اور نبیل قریشی ہیں گو کہ تینوں ہدایتکاروں نے الگ الگ کہانی پر کام کیا ہے لیکن ان کا ساتھ میں ہونا ہی ایک منفرد تجربہ ہے’۔
اس سوال کے جواب پر کہ کیا حالیہ مقبولیت کی وجہ سے وہاج علی کو اس فلم میں جگہ دی گئی ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ تھی؟ سیمی نے جواب دیا کہ یقیناً اس کے پیچھے ایک عنصر وہاج کی مقبولیت کا بھی تھا لیکن جب ہم نے اس فلم پر کام کرنےکا سوچا تو سب سے پہلے وہاج علی ہی ذہن میں آئے ۔
انہوں نے فلم کی ہیروئن سے متعلق کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی مہوش حیات کے ساتھ کام کیا ہے اور وہ ایک بہت ہی کمال اداکارہ ہیں لہٰذا ہم نے انڈسٹری کے ’ہارٹ تھراب‘ وہاج کے ساتھ اداکارہ مہوش حیات کا انتخاب کیا جن کے کام کے بین الاقوامی سطح پر چرچے ہیں۔
سیمی نے مزید کہا کہ ناظرین اس فلم میں ایک ٹکٹ پر تین فلموں کو انجوائے کرسکیں گے۔
فلم کی کاسٹ میں وہاج علی اور مہوش حیات کے ساتھ رمشا خان، ہرا مانی، سلمان ثاقب خان (مانی) اور دیگر اداکار شامل ہیں جب کہ فلم کی کہانی لکھنے والوں میں نامور لکھاری، خلیل الرحمٰن قمر، واسع چوہدری، علی عباس نقوی اور باسط نقوی شامل ہیں۔