ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی یا انہیں کچھ ہوا تو پھر پاکستان سنبھالا نہیں جائے گا۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ساتھ کھڑے نوجوانوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ ’ہم میں سے کوئی ان کو نہیں روک سکتا، عمران خان بھی نہیں روک سکیں گے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، اس کے لیے جو اقدامات ضروری ہیں وہ فوری طور پر کیے جائیں۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ کل ایک انتظامی افسر کا فون آیا کہ ملتان میں عمران خان کی جان کو خطرہ ہے اور اگلے روز صبح تین بجے پولیس سکیورٹی کا جائزہ لینے کے لینے کے لیے بنی گالہ پہنچی۔
ان کے مطابق حالانکہ پولیس کو پتہ تھا کہ عمران خان وہاں موجود نہیں ہیں کیونکہ اعلان ہو چکا تھا۔اسد عمر نے امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر پولیس کے ذریعے پیغام بھجوایا گیا تھا کہ ہم یہ بھی کر سکتے ہیں اور عمران خان کو ڈرا سکتے ہیں تو انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ یہ لوگ خان صاحب تو کیا یہاں کھڑے نوجوانوں کو بھی ڈرا نہیں سکتے۔
انہوں نے خبردار کیا ’جتنا آپ طاقت کا استعمال کریں گے، اتنا ہی ردعمل بڑھتا چلا جائے گا۔‘اسد عمر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ایک پرامن پارٹی ہے، اس وقت ملک میں جو صورت حال اس کا ایک ہی آئینی، قانونی اور جمہوری حل ہے اور وہ یہ کہ فوری طور پر انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’مجھے ان پر ترس آتا ہے، ان کو معلوم ہی نہیں کہ کیسے کام کرنا ہے۔
عمران خان کو کچھ ہوا تو پاکستان سنبھالا نہیں جائے گا،اسدعمر نے خبردارکردیا
21 May, 2022 | 03:22 PM