عمران خان کے مریم سے متعلق بیان پر وزیراعظم شہباز شریف کا ردعمل آگیا

21 May, 2022 | 12:34 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف کا  پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے مریم نواز کے بارے میں بیان پر رد عمل  آگیا۔ 
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے   وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے مریم نواز سے متعلق  گھٹیا بیان دیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ہماری مائیں بہنیں بیٹیاں کیا سوچتی ہوں گی ایسا شخص ہمارا لیڈر ہونے کا دعویٰ کرتا ہے، مریم نواز  اس قوم کی بیٹی ہے اور عمران نیازی کے لیے  ڈوب مرنے کا مقام ہے ۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ بھی کیا جس میں انہوں نے کہا کہ بیٹی مریم نواز شریف کے خلاف قابل افسوس زبان درازی پر پوری قوم خاص طور پر خواتین پرزور مذمت کریں، کم ظرفی کے اظہار سے ملک وقوم کے خلاف آپ کے جرائم چھپ نہیں سکتے، مسجد نبوی ﷺ کی حرمت و ناموس کا پاس نہ کرنے والوں سے ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی عزت وتکریم کی کیا توقع ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بیان پر وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز  کا بھی ردعمل آگیا، حمزہ شہباز نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ  مریم نواز شریف کے بارے میں عمران نیازی کی بازاری سوچ قابل مذمت ہے،اخلاقیات،روایات اور سیاست کا جنازہ نکالنے کے بعد اب یہ خواتین پر رکیک حملے بھی کر رہا ہے،تمام خواتین کو اس گھٹیا سوچ کے خلاف کھڑا ہونا چاہئے، ایسی بدزبانی کو سیاسی کلچر کے طور پر بڑھانا نئی نسل کے لئے زہر قاتل ہے۔
 

مزیدخبریں