(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف کا پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے مریم نواز کے بارے میں بیان پر رد عمل آگیا۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے مریم نواز سے متعلق گھٹیا بیان دیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ہماری مائیں بہنیں بیٹیاں کیا سوچتی ہوں گی ایسا شخص ہمارا لیڈر ہونے کا دعویٰ کرتا ہے، مریم نواز اس قوم کی بیٹی ہے اور عمران نیازی کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے ۔
بیٹی مریم نواز شریف کے خلاف قابل افسوس زبان درازی پر پوری قوم خاص طور پر خواتین پرزور مذمت کریں۔ کم ظرفی کے اظہار سے ملک وقوم کے خلاف آپ کے جرائم چھپ نہیں سکتے۔ مسجد نبوی کی حرمت و ناموس کا پاس نہ کرنے والوں سے ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی عزت وتکریم کی کیا توقع ہوسکتی ہے۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) May 20, 2022
وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ بھی کیا جس میں انہوں نے کہا کہ بیٹی مریم نواز شریف کے خلاف قابل افسوس زبان درازی پر پوری قوم خاص طور پر خواتین پرزور مذمت کریں، کم ظرفی کے اظہار سے ملک وقوم کے خلاف آپ کے جرائم چھپ نہیں سکتے، مسجد نبوی ﷺ کی حرمت و ناموس کا پاس نہ کرنے والوں سے ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی عزت وتکریم کی کیا توقع ہوسکتی ہے۔
مریم نواز شریف کے بارے میں عمران نیازی کی بازاری سوچ قابل مذمت ہے۔اخلاقیات،روایات اور سیاست کا جنازہ نکالنے کے بعد اب یہ خواتین پر رکیک حملے بھی کر رہا ہے۔تمام خواتین کو اس گھٹیا سوچ کے خلاف کھڑا ہونا چاہئے۔ایسی بدزبانی کو سیاسی کلچر کے طور پر بڑھانا نئی نسل کے لئے زہر قاتل ہے۔
— Hamza Shahbaz Sharif (@HamzaSS) May 20, 2022
دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بیان پر وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا بھی ردعمل آگیا، حمزہ شہباز نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ مریم نواز شریف کے بارے میں عمران نیازی کی بازاری سوچ قابل مذمت ہے،اخلاقیات،روایات اور سیاست کا جنازہ نکالنے کے بعد اب یہ خواتین پر رکیک حملے بھی کر رہا ہے،تمام خواتین کو اس گھٹیا سوچ کے خلاف کھڑا ہونا چاہئے، ایسی بدزبانی کو سیاسی کلچر کے طور پر بڑھانا نئی نسل کے لئے زہر قاتل ہے۔