سیاسی پارہ ہائی ،عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر پولیس پہنچ گئی

21 May, 2022 | 08:55 AM

ویب ڈیسک:لانگ مار چ سے قبل سیاسی پارہ ہائی ہوگیا ،بنی گالا میں رات گئے عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس سرچ آپریشن کے لیے پہنچی، پولیس کی آمد پر کارکن خیموں سے باہر نکل آئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے مارچ سے پہلے سیاسی پارہ بڑھنے لگا، کیپٹل پولیس رات گئے بنی گالا کے باہر پہنچ گئی۔ پولیس کے اعلیٰ افسران بھی نفری کے ہمراہ بنی گالا پہنچے، بکتر بند گاڑیاں، قیدیوں کی وین، سی ٹی ڈی، بم ڈسپوزل سکواڈ اور سپیشل برانچ کی نفری بھی پولیس کے ہمراہ تھی۔

پولیس دیکھ کر عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر خیبرپختونخوا سے آئے تحریک انصاف کے 200 سے زائد کارکن خیموں سے باہر نکل آئے اور ڈنڈے پکڑے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی جبکہ علی امین گنڈا پور بھی بنی گالا پہنچ گئے۔

پولیس کے مطابق وہ کسی کارکن کو گرفتار کرنے کے لیے نہیں بلکہ بنی گالا کے باہر سرچ آپریشن کے لیے آئی تھی، تاہم ایک گھنٹے تک کھڑی رہنے والی اسلام آباد پولیس بنا کسی سرچ آپریشن کے واپس روانہ ہوگئی۔

مزیدخبریں