بلدیاتی اداروں کی بحالی پرعدالت سے اہم خبر آگئی

21 May, 2021 | 10:49 PM

M .SAJID .KHAN

(ملک اشرف)لاہور ہائیکورٹ  میں  بلدیاتی ادارے بحال کرنے کے لئے دائر درخواست پر سماعت،عدالت نے درخواست  واپس لینے کی بنیاد  پر مسترد کردی، جسٹس مسعود عابد نقوی نے ریمارکس دئیے کہ درخواست لاہور ہائیکورٹ  میں قابل سماعت نہیں  ہے۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس مسعود عابد نقوی نے لائرز فاونڈیشن فار جسٹس کی سید فیروز شاہ  گیلانی کی وساطت سے دائر درخواست پر سماعت کی،پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل چویدری جواد یعقوب پیش ہوئے  اور  درخواست کی مخالفت کی،درخواست گزار کی جانب سے احمد عبداللہ ڈوگر ایڈوکیٹ پیش ہوئے ۔

جسٹس مسعود عابد نقوی نے درخواست گزار وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس کے لئے آپ کو سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درامد کے لئے وہاں جانا چائیے، درخواست گزار وکیل احمد عبداللہ ایڈوکیٹ نے کہاچھوٹی سے بات کروں گا زیادہ بات نہیں کروں گا،عدالت کا زیادہ وقت نہیں لوں گا، جسٹس مسعود عابد نقوی نے کہااس سے پہلے متاثرہ مئیرز اس عدالت آچکے ہیں ۔

انہوں نے درخواست واپس لے کر سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی ہے، درخواست گزار وکیل نے کہا کہ میری درخواست ان سے کچھ مختلف ہےکچھ گزارشات کرنا چاہتا ہوں،ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل چوہدری جواد یعقوب نے  درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس پٹیشن  میں بھی وہی کچھ ہے جو اس  سے پہلے مئیر ز کی دائر کی گئی  درخواست میں ذکر کیاگیا تھا۔

دائر درخواست میں سیکرٹری الیکشن کمیشن ،، پنجاب حکومت بذریعہ سیکرٹری قانون اور سیکرٹری بلدیات کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ  یہ درخواست مفاد عامہ کے تحت دائر کی گئی ہے،سپریم کورٹ نے25 مارچ 2021 کو بلدیاتی ادارے بحال کرنے کا حکم دیا، آئین کا آرٹیکل   دواے اسلامی  جمہوریت قائم کرنے کے متعلق ہے۔

آئین کے آرٹیکل 2 اے ، 4 ، 9 ، 19 اے ، 32 ، 40 اے کے تحت بلدیاتی اداروں کا معاشی ، سیاسی اور انتظامی نظام منتخب بلدیاتی اداے چلاسکتے ہیں،درخواست میں استدعا کی گئی کہ  عدالت آئین کے آرٹیکل 19 اے کے تحت سیکرٹری بلدیات سے بلدیاتی ادارے بحال کرنے کے لئے کئے گئے اقدامات  کی رپورٹ طلب کرے ،مزید استدعا کی گئی کہ عدالت 18ویں ترمیم کے تحت منتخب نمائندوں کو ان کی ذمہ داریاں تفویض کرنے کا حکم دے۔

مزیدخبریں