سٹی42: عیداتوارکوہوگی یاسوموارکو؟ روزے29ہوں گے یا30؟ وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فوادچودھری نے نیا پینڈوراباکس کھول دیا، فوادچودھری نے کہا ہے کہ عید24مئی کو ہو گی، رویت ہلال کمیٹی پیر کو عید کیوں منانا چاہتی ہے یہ کل بتاؤں گا۔
وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فوادچودھری نے اعلان کیا ہے کہ عید 24مئی کو ہو گی، رویت ہلال کمیٹی پیرکوعیدکیوں منانا چاہتی ہے یہ کل بتاؤں گا، فوادچودھری نے ایک بار پھر رویت ہلال کمیٹی ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
اس سے قبل محکمہ موسمیات نے ماہ شوال کے چاند کی پیش گوئی کی تھی ، پیش گوئی میں بتایا گیا تھا کہ 1441ہجری شوال کا چاند 22مئی 10 بج کر 40 منٹ پر پیدا ہونا شروع ہو گا اور 29 رمضان یعنی 23 مئی کو چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں، 30 رمضان 24 مئی کو چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ملک کے بیشتر حصوں میں اس دوران مطلع جزوی طور پر ابر الود رہنے کا امکان ہے ،پہلی شوال 25مئی 2020 کو ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب مرکزی رویت ہلال کمیٹی نےمحکمہ موسمیات کو شوال کے چاند کی پیش گوئی کرنے سے روک دیا ہے، وزارت مذہبی امور کے اعلامیے کے مطابق شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 23 مئی کو کراچی میں ہوگا،علامیے میں کہا گیا ہے کہ زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ ہیڈکوارٹرز میں ہوں گے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے محکمہ موسمیات کو پیش گوئی سے روکا گیا ہے اور ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ محکمہ موسمیات چاند سے متعلق کوئی پیش گوئی نہ کرے، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے محکمہ موسمیات کو چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کی معاونت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔