ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

580 کورونا مریضوں نے گھرمیں قرنطینہ کیلئے درخواست دیدی

580 کورونا مریضوں نے گھرمیں قرنطینہ کیلئے درخواست دیدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جیل روڈ (زاہد چودھری) کورونا کے580 مریضوں نے گھرمیں قرنطینہ کیلئے درخواست دیدی، سب سے زیادہ 315 مریض ایکسپو سنٹر فیلڈ ہسپتال سے گھر جانے کیلئے بے تاب ہیں۔

لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعدلاہور سمیت پنجاب بھر میں  کورونا وائرس تیزی سے پھیلنا شروع ہوگیا، پولیس اہلکار، وارڈن، ڈاکٹرز، نرسز،  قیدی، بچے ،بڑے سب اس مہلک وبا سے متاثر ہورہے ہیں، پنجاب میں کورونا نے 16 ہزار685 افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، گزشتہ 24 گھنٹے میں لاہور میں مزید 368 کیسز سامنے آنے کے بعد شہر میں کنفرم مریضوں کی تعداد 7980 ہوگئی، کورونا وائرس اب تک لاہور میں 108 جبکہ پنجاب میں 290 افراد کی زندگیاں نگل چکا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے کورونا کے مریضوں کو گھروں پر آئسولیشن میں رہنے کی اجازت دینے کے بعد پہلے سے ہسپتالوں میں زیرعلاج مریضوں کو بھی گھرمنتقل ہونے کا مشورہ دیا جارہا ہے، میو ہسپتال سے بھی کورونا کے زیرعلاج 224 مریض گھر میں آئسولیشن میں رہنے کے خواہاں ہیں۔

 ضلعی انتظامیہ نے اب تک 39 مریضوں کو ہوم آئسولیشن کی اجازت دی ہے، شہر کے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں اس وقت 877 مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے 52 کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں ر کھاگیاہے،  تشویشناک حالت کے باعث 16 مریضوں کو وینٹی لیٹرز کے ذریعے مصنوعی تنفس فراہم کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب ترجمان محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں، بیرون ممالک سے آئے افراد میں آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں، شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔

Sughra Afzal

Content Writer