آن لائن ویڈیو سیشنز لیکچرز شروع، وقار یونس، مصباح الحق کھلاڑیوں کو گر بتائیں گے

21 May, 2020 | 01:18 PM

Sughra Afzal

نشتر پارک (حافظ شہباز) سنٹرل پنجاب کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لئے آن لائن ویڈیو سیشنز اور ویڈیو لنک لیکچرز کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
قومی اور ناردرن کی صوبائی ٹیم کے بعد سنٹرل پنجاب کے کھلاڑیوں کو بھی متحرک کرنے کیلئے آن لائن ویڈیو سیشنز کا سلسلہ شروع ہوگیا ،سنٹرل پنجاب کی فرسٹ اور سیکنڈالیون کے کھلاڑیوں کے ویڈیو لنک سیشنز کروائے جائیں گے، ویڈیو لنک سیشنز کے پہلے روز عبداللہ شفیق کا ون آن ون ویڈیو لنک سیشن ہوا، ابتدائی طور پر ہیڈ کوچ اعجاز احمد جونیئر اور معاون کوچ سمیع اللہ نیازی کھلاڑیوں سے ون آن ون سیشن کریں گے۔

 دوسرے مرحلے میں بلے بازوں، فاسٹ باؤلرز اسپنرز اور وکٹ کیپرز کو الگ الگ لیکچرز دئیے جائیں گے، لیکچرز میں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس کو بھی مدعو کیا جائے گا، سابق سٹارز اوپنرز ، مڈل آرڈر بلے باز، فاسٹ باؤلرز، اسپنرز اور وکٹ کیپرز بھی کھلاڑیوں کو لیکچرز دیں گے، لیکچرز میں بلے بازوں کو چار روزہ میچز میں پچ کی روزانہ بدلتی صورتحال میں ایڈجسٹ کرنے کے طریقے بتائے جائیں گے۔

فاسٹ باؤلرز کو نیا اور پرانا گیند استعمال کرنے کے گر بتانے کے ساتھ ساتھ اسپنرز اور وکٹ کیپرز کو ٹیم میں ان کی اہمیت سے آگاہی دی جائے گی، لیکچرز میں چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کو بھی مدعو کیا جائے گا، ناردرن ٹیم کے لئے بھی اسی طرز پر لیکچر کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے خواتین کرکٹرز کیلئے بھی آن لائن لیکچرز کا اہتمام کیا گیا تھا، سابق کپتان وسیم اکرم اور ٹی ٹوئنٹی کپتان بابر اعظم نے الگ الگ لیکچرز دیئے تھے،دونوں نے خواتین کرکٹرز کو میچز کے حوالے سے ٹپس بھی دیں۔ پاکستان ویمن کرکٹ کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ سابق کرکٹر وسیم اکرم کی جانب سے دیئے لیکچرز سے ہماری صلاحیتوں میں نکھار آئے گا۔

مزیدخبریں