(مانیٹرنگ ڈیسک) ینگ رائزنگ سٹار ویمن فٹ بال کلب راولپنڈی کے صدر حاجی غیاث الدین بلوچ نے کہا ہے کہ ملک میں خواتین میں فٹ بال کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے گراس روٹ سطح پر زیادہ سے زیادہ مقابلوں کے انعقاد کی ضرورت ہے۔
گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ینگ رائزنگ سٹار ویمن فٹ بال کلب راولپنڈی کے صدر حاجی غیاث الدین بلوچ نے کہا کہ اس وقت کورونا وائرس کی وبا پوری دنیا میں پھیل چکی ہے اور اس پر قابو پانے لئے لاک ڈاؤن بہت ضروری ہے اور کورونا وائرس کی وبا کے باعث دنیا میں لاکھوں کی تعداد میں اموات ہو چکی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ کئی ملکوں میں کھلاڑیوں کی بھی کورونا وائرس کے باعث اموات ہوچکی ہیں۔
حاجی غیاث الدین بلوچ نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث جب حالات سازگار ہوں تو پاکستان فٹ بال فیڈریشن گراس روٹ سطح پر خواتین کے انڈر ـ13 اور انڈرـ16 کے مقابلوں کا انعقاد کرے، کیونکہ خواتین کی قومی فٹ بال چیمپئن شپ تو رواں سال جنوری میں ہوچکی ہے۔
کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث عوام اور کھلاڑیوں کو اپنے گھروں میں رہنا چاہیے اور گھروں سے غیر ضروری طور باہر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
حاجی غیاث الدین بلوچ نے کہا کہ کھلاڑی قوم کا سرمایہ اور سفیر کا درجہ رکھتے ہیں اور بیرون ممالک ان کھلاڑیوں نے ہی کھیلوں کے ذریعے ملک کانام روشن کرنا ہے۔
؎انہوں نے کھلاڑیوں پرزو ر دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اپنی فزیکل فٹنس کو برقرار رکھنے کے لئے ورزش نہ چھوڑیں بلکہ گھروں میں رہ کر اپنی فزیکل فٹنس اور خوراک پر توجہ دیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ حکومت کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ کورونا وائرس کی وبا سے بچا جا سکے۔