آئی جی شعیب دستگیر کی زیرصدارت اجلاس،گاڑیوں کی تقسیم کا جائز ہ

21 May, 2020 | 09:10 AM

Shazia Bashir

لاہور(سپیشل رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ پولیس کو ملنے والی نئی گاڑیوں کی تقسیم کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت نہ صرف درپیش چیلنجز اور ضروریات کو مدنظر رکھا جائے بلکہ نئی گاڑیوں کی فراہمی میں ہر ضلع کی آبادی، رقبے، سنگین جرائم کی شرح اور ون فائیو(15) کی کالز کی تعداد کا بھی خاص خیال رکھا جائے۔

انہوں نے کہاکہ آپریشنل ڈیوٹیز کو مزید موثر بنانے اور رسپانس ٹائم بہتر سے بہتر بنا کر ہی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں میں پولیس کے امیج کو بھی مزید بہتر کیا جاسکتا ہے,  جن اضلاع میں سنگین جرائم کی شرح اور آبادی کا تناسب زیادہ ہے وہاں پولیس کو ضرورت کے لحاظ سے پٹرولنگ اور ریڈ نگ ڈیوٹی کیلئے ترجیحا نئی گاڑیاں دی جائیں جبکہ رقبے کے اعتبار سے بڑے اضلاع کے تھانوں کے درمیان پٹرولنگ ڈیوٹی کو مزید موثر بنانے کیلئے پرانی گاڑیوں کو نئی گاڑیوں سے اپ گریڈ کیا جائے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ آپریشن اور انویسٹی گیشن ڈیوٹیز کیلئے پولیس کے زیر استعمال وہیکلز کو مرحلہ وار نئی گاڑیوں سے تبدیل کیا جائے تاکہ پولیس ٹرانسپورٹ کی اپ گریڈیشن سے معاشرے سے مجرمان کی بیخ کنی کے عمل میں بھی مزید تیزی آسکے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ نئی گاڑیاں ملنے سے وسائل کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ فورس کی ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوجائے گا لہذا تمام اضلاع میں جرائم کنٹرول اور امن و امان کی صورتحال میں نمایاں تبدیلی بھی نظرآنی چاہئیے۔

یہ ہدایات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس وہیکلز کی اپ گریڈیشن اورنئی گاڑیوں کی تقسیم سے متعلقہ امورکا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے افسران کو جاری کیں۔ دوران اجلاس ڈی آئی جی ٹیلی اینڈ ٹرانسپورٹ اکبرناصر خان اور ایس ایس پی ایم ٹی اسد سرفراز خان نے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے پولیس ٹرانسپورٹ سسٹم کو درپیش چیلنجز، ضروریات اور کارکردگی سے آگاہ کیا اور ٹرانسپورٹ سسٹم کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے تیار کردہ تین پلان اے، بی اور سی پیش کئے.

 آئی جی پنجاب نے آپریشنل ڈیوٹیز مزید موثر بنانے کیلئے پولیس کو ملنے والی نئی گاڑیوں کے متعلق احکامات جاری کئے,  گاڑیوں کی تقسیم کے فارمولے کومزید موثر بنایا جائے اور ہرضلع کے رقبے کو مد نظر رکھتے ہوئے پلان ڈی بھی تیار کیا جائے,  پیشہ ورانہ فرائض کی بہترین ادائیگی کیلئے فورس کو ہر ممکن سہولت اور وسائل کی فراہمی میری ولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ افسران ماتحت اہلکاروں سے اس کے بدلے میں بہتر سے بہتر پرفارمنس لیں۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس طارق مسعود یٰسین،، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ، علی عامر ملک، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ بی اے ناصر، ڈی آئی جی ٹیلی اینڈ ٹرانسپورٹ اکبرناصر خان اور ایس ایس پی ایم ٹی اسد سرفراز خان سمیت دیگر افسران موجود تھے۔

مزیدخبریں