( عثمان علیم ) ضلعی انتظامیہ کا شاہدرہ چوک پر ٹریفک مسائل کے حل کیلئے بڑا فیصلہ، شاہدرہ چوک کی بہتری اور ری ماڈل کیلئے زمین حاصل کرلی گئی، نئی سلائیڈ روڈ کی تعمیر کا آغاز جلد کر دیا جائیگا۔
کمشنر ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ اور ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید کی جانب سے ٹریفک کے شدید دباؤ کے پیش نظر شاہدرہ چوک کو مزید کھلا کرنے اور ری ماڈلنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے باقائدہ زمین کا حصول اور ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اسی حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر سٹی شاہد محبوب نے شاہدرہ چوک کا دورہ کیا اور چوک کی ری ماڈلنگ کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا۔ شاہد محبوب کا کہنا ہے کہ شاہدرہ چوک پر میاں ٹریولز اور دکانوں کو مزید پیچھے کیا جائیگا جبکہ ٹیپا کی جانب سے بنائے جانے والے نقشہ جات کے مطابق مرید کے اور شیخوپورہ سے آنے اور جانے والی ٹریفک کیلئے سائڈ روڈ بنائے جائیں گے۔
دوسری جانب سیف سٹی اتھارٹی نے کیمروں کی تنصیب کیلئے کھدائی کا کام بھی شروع کر دیا ہے، ری ماڈلنگ منصوبے کے تحت گوجرانوالہ اور لاہور کو آنے اور جانے والی ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے اشاروں کی تنصیب بھی کی جائیگی اور چوک کو مزید کشادہ کیا جائیگا، لیسکو کو چوک سے بجلی کے کھمبے منتقل کرنے کی ہدایات دے دی گئی ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی نئے روڈ کی تعمیر کا آغاز جلد ہی کر دے گا۔