حسن علی: پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے یوٹیلٹی سٹورز اور اوپن مارکیٹ میں آٹے کی قلت کا ذمہ دار پنجاب حکومت کو ٹہرا دیا۔ فلور ملوں کا ہڑتال کرنے کا اعلان ، رمضان پیکج کو بھی روکا جا سکتا ہے۔
سٹی 42 نیوز ذرائع کے مطابق شادمان میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے دفتر میں سٹی فورٹی ٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے چئیرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن لیاقت علی خان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے پنجاب کی فلور ملوں کو دوسرے صوبوں میں بھی آٹے کی فراہمی پر پابندی لگائی ہوئی ہے، جسکے باعث فلور ملز پرائیویٹ گرائینڈنگ کا آٹا بھی دیگر صوبوں کو نہیں بھیج سکتی جس سے کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کو عام انتخابات کی تاریخ بتادی
انکا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کے ساتھ رمضان پیکج میں بھرپور مدد کرنے کو تیار ہیں، لیکن حکومت پنجاب فلور ملوں کو دیگر صوبوں میں آٹے کی فراہمی نہیں روک سکتی اور اگر 24 گھنٹے میں پابندی کو ختم نہ کیا گیا تو رمضان پیکج کے تحت آٹے کی فراہمی بند کرنے کے ساتھ ساتھ ہڑتال بھی کر سکتے ہیں۔
پڑھنا مت بھولئے: رمضان بازار شہریوں کا خون چوسنے لگا
اس موقع پر پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عاصم رضا کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے پنجاب کی فلور ملز کو یوٹیلٹی سٹورز پر بھی سبز تھیلے میں آٹے کی فروخت کے احکامات دئیے جو پنجاب حکومت کے پیکج کا حصہ نہیں کیونکہ یوٹیلٹی سٹورز پر رمضان پیکج وفاقی حکومت فراہم کرتی ہے۔
جس میں پنجاب حکومت کا کوئی دخل نہیں ہوتا لیکن اس مرتبہ پنجاب حکومت یوٹیلٹی سٹورز کے پیکج میں بھی دخل دے رہی ہے اور اگر حکومت پنجاب بے مطالبات نہ مانے تو آٹے کی قلت کے ذمہ دار پنجاب حکومت ہو گی۔