پرویز الٰہی کی چار پسلیاں جیل کے  واش روم میں گرنے سے ٹوٹیں، میڈیکل رپورٹ  میں انکشاف

21 Mar, 2024 | 11:16 PM

حاشر وڑائچ: پی ٹی آئی کے صدر چودھری پرویز الٰہی کے اڈیالہ جیل کے واش روم میں گر کر زخمی ہونے کے متعلق رپورٹ انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آبادمیں پیش کردی گئی ۔
جیل حکام کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ چوہدری پرویز الٰہی جیل میں اپنے واش روم میں گرے جس سے چوہدری پرویز الٰہی کی چار پسلیاں ٹوٹ گئیں،پسلیوں میں فریکچر ایکسرے رپورٹ میں سامنے آیا،جس پر پرویز الٰہی کو ڈاکٹروں نے دو ہفتے آرام کا مشورہ دے دیا۔
 رپورٹ میں بتایا گیا کہ پرویز الٰہی کو گرنے سے  ماتھے پر بھی چوٹ لگی۔ ان کے سر پر بائیں طرف نیل کا نشان موجود ہے،اس کے علاوہ پرویز الٰہی کے ماتھے پر بائیں آنکھ کے قریب بھی  چوٹ آئی، بائیں بازو پر بھی چوٹ لگی،  ان  کی چھاتی کا دایاں حصہ سوجاہوا ہے، بایاں گھٹنا بھی واش روم میں گرنے سے زخمی ہوا۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق پرویز الٰہی کے ایکسرے جیل میں لئے گئے، پرویز الٰہی کا چیک اپ پمز اسلام آباد اور شہید بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کے سینئر ڈاکٹرز نے کیا۔ سینئر ڈاکٹرز کی ٹیم  میں  جنرل سرجن،ماہر کارڈیولوجسٹ اور ارتھوپیڈک شامل تھے۔  ڈاکٹر وں ےنےمیڈیکل رپورٹ میں پرویز الٰہی کو دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا،سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ نے میڈیکل رپورٹ انسداد دہشتگری عدالت اسلام آباد میں جمع کروائی۔

مزیدخبریں