گوگل دنیا کا مقبول ترین انٹرنیٹ سرچ انجن ہے اور اس کے بغیر آن لائن زندگی ناممکن لگتی ہے۔
اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ انٹرنیٹ سرچ انجن کی جانب سے صارفین کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اور ایسا ہی ماہ رمضان کے لیے بھی کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کی طرح پاکستانی بھی رمضان المبارک کے مہینے کو جوش و خروش سے مناتے ہیں اوراس عر صے میں روزمرہ کے معمولات تبدیل ہو جاتے ہیں۔
اسی کو دیکھتے ہوئے گوگل نے پاکستانی صارفین کے لیے چند نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں۔کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گوگل کی مدد سے پاکستانی صارفین اس مقدس مہینے کے دوران عبادات پر اپنی توجہ مرکوز رکھنے کے ساتھ ساتھ منفرد انداز میں رمضان کے تجربات سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
شاپنگ میں مدد
رمضان کے بعد عید الفطر منائی جاتی ہے اور اس کے لیے ملبوسات خریدے جاتے ہیں جبکہ گھروں کو سجاوٹ کی جاتی ہے۔اسی طرح روزے میں کچھ خاص کھانے کا دل کر رہا ہے تو بھی گوگل کی مدد لی جاسکتی ہے۔جی ہاں واقعی آپ اپنے فون پر موجود کیمرے کا استعمال کرتے ہوئے ایسی لذیذ مٹھائی تلاش کر سکتے ہیں جسے آپ کے کسی دوست نے اپنے گھر پر تیار کیا تھا یا پھر عیدالفطر پر خریدنے اور پہننے کے لیے بہترین لباس خرید سکتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے موبائل پر گوگل لینس لانچ کریں اور کیمرا آئیکون منتخب کرکے صرف ایک تصویر یا اسکرین شاٹ لیں۔گوگل لینس کے سرچ رزلٹس کی مدد سے آپ مطلوبہ اشیا کی خریداری کر سکتے ہیں یا یہ جان سکتے ہیں کہ وہ کہاں دستیاب ہیں۔
کھانے کی تراکیب جانیں
کھانوں کے شوقین افراد رمضان کے دوران اپنے پسندیدہ پکوان بنانے کی ترکیب جاننے کے لیے گوگل سے مدد لے سکتے ہیں۔لذیذ پکوان رمضان کی عمدہ روایت ہیں، دن بھرکے روزے کے بعد خاندان کے افراد شام کو افطار اور کھانا کھانے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔اگر آپ رمضان کے دوران کھانا پکانے کی صلاحیت بہتر کرنا چاہتے ہیں یا دیگر ممالک کے پکوانوں کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں تو گوگل سے مدد لیں۔گوگل سرچ پر پکوان کا نام اور ترکیب لکھ درج کریں، تو اسے بنانے کے متعدد طریقے سامنے آجائیں گے۔اسی طرح ماہ رمضان کے دوران آن لائن مذہبی لیکچرز اور لذیذ ترکیبوں کے لیے آپ گوگل پلے کو بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
عید الفطر کی تعطیلات کے دوران مختلف شہروں یا قصبوں میں رہائش پذیر اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کے لیے جانا پاکستانیوں کی پرانی روایت ہے۔
اس کے لیے گوگل میپس سے مدد لی جا سکتی ہے جس میں پیٹرول پمپس، گاڑیوں کی مرمت کرنے والی ورکشاپس، مساجد اور آرام گاہوں جیسی مستقل اور عارضی سہولیات کے بارے میں تفصیلات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
اس کے علاوہ گوگل میپس میں سڑک کے ذریعے سفر کے دوران آپ یہ معلوم کر سکتے ہیں کہ مختلف ٹول پلازوں پر ٹول کی شرح کیا ہوگی یا اس سے متعلق دیگر تفصیلات بھی جان سکتے ہیں۔
گوگل کی جانب سے قبلہ فائنڈر کو اینڈرائیڈ ڈیوائسز کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔قبلہ فائنڈر ایک ویب ایپ ہے جس سے دنیا میں کسی بھی جگہ قبلے کی سمت معلوم کی جاسکتی ہے۔یہ ایپ اگیومینٹڈ رئیلٹی ٹیکنالوجی استعمال کرکے اس بارے میں بتاتی ہے۔گوگل کے مطابق ہم نے قبلہ فائنڈر کو اینڈرائیڈ ہوم اسکرین پر شامل کرنے کے لیے آف لائن استعمال اور شارٹ کٹ کو فعال کیا ہے، تاکہ سفر کے دوران قبلے کی سمت معلوم کر سکیں۔