چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سب کا مل بیٹھنا وقت کی ضرورت ہے، شہباز شریف

21 Mar, 2024 | 12:29 PM

Imran Fayyaz

 (اویس کیانی) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سب کا مل بیٹھنا خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے۔

 وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا،اجلاس میں سول و عسکری قیادت نے شرکت کی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں خصوصی طور پر شریک ہیں جبکہ اجلاس میں سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور نگران کابینہ بھی شریک ہے۔

 چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ مریم نواز، سرفراز بگٹی، مراد علی شاہ اور علی امین گنڈا پور اجلاس میں شریک ہیں جبکہ وفاقی وزراء بھی ایپکس کمیٹی اجلاس میں شریک ہیں،اجلاس میں ایس آئی ایف سی سے متعلق ارکان کو تفصیلی بریفنگ دی جا رہی ہے، اجلاس کے دوران ملک میں سرمایہ کاری سے متعلق امور کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

 اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایس آئی ایف سی ایک اہم پلیٹ فارم ہے جسے جاری رکھا جائے گا، ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی نے نگران حکومت میں بھی مؤثر کام کیا ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

 وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے یہ پلیٹ فارم بہت اہم ہے، ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سب کا مل بیٹھنا خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے،انہوں نے مزید کہا کہ عسکری قیادت نے اس پلیٹ فارم کی کامیابی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں غیر معمولی کام کیا۔

 اجلاس کے دوران سابق نگران وزرا کی جانب سے اپنے دور میں اٹھائے گئے اقدمات پر بریفنگ بھی دی گئی۔

مزیدخبریں