(مانیٹرنگ ڈیسک) گلستان جوہر کے علاقے میں گھات لگائے نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے پاکستان علماءایسوسی ایشن کے رکن اورسنی علماء کونسل کے مرکزی رہنما مولانا عبدالقیوم صوفی نقشبندی کوقتل کردیا۔
آج علی الصبح گلستان جوہر تھانے کےعلاقے بلاک 9 مگسی چوک گلی نمبر3 میں موٹر سائیکل سوارنامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے 50 سالہ مولانا عبدالقیوم صوفی نقشبندی کو قتل کردیا، جو جامع مسجد محمدی مدرسہ نورانی اسلامک سینٹرکے مہتمم، پاکستان علماءایسوسی ایشن کے رکن اورسنی علما کونسل کے مرکزی رہنما تھے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس ، رینجرز اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوان موقع پر پہنچے جبکہ شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کیا گیا اور مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے جناح ہسپتال پہنچائی گئی۔
پولیس کے مطابق مولانا عبدالقیوم صوفی نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مسجد سے اپنے گھر کی جانب پیدل جا رہے تھے کہ گھر کے قریب ہی گھات لگائےموٹر سائیکل پر سوار 2 نامعلوم مسلح ملزمان نے انہیں فائرنگ کرکے قتل کردیا اورفرارہوگئے۔
مقتول مولانا عبدالقیوم کو ایک گولی سر پرلگی جو جان لیوا ثابت ہوئی، مقتول 4 بچوں کے باپ تھے ۔ واقعے کے فوری بعد پاکستان علما ایسوسی ایشن اورسنی علما کونسل کے مرکزی رہنما، عہدیداران،مدرسے کے طلبہ اور علاقہ مکین بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے احتجاج کیا۔
بعد ازاں قتل کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح ملزمان مولانا عبدالقیوم صوفی کو قتل کرکے فرار ہو رہے ہیں