(سٹی42)ملک بھر میں کورونا کی تیسری لہر میں مزید تیزی آنے کی وجہ سے اموات کی شرح میں کمی کی بجائے اضافہ ہورہا ہے، سنگین صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اہم اجلاس طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق عالمگیر وبائی مرض کورونا کی تیسری لہر نے دہشت پھیلا رکھی ہے جس کی وجہ سےنظام زندگی ایک بار پھر مفلوج ہوکر رہ گیا، کاروباری سرگرمیاں، تعلیمی ادارے، ہوٹلز وغیرہ کو بند کردیا گیا،ملک میں صورت حال سنگین ہوچکی ہے۔ حکومت اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر نے مہلک وائرس سے بچاؤ اور حفاظتی تدابیر کے لئے کل اجلاس طلب کیا، اجلاس میں ملکی صورت اور سمارٹ لاک ڈاون کے بارے بات چیت کی جائے گی،علاوہ ازیں مزید اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق اجلاس میں تعلیمی اداروں کی بندش کے بارے بھی تجاویز دیں جائیں گی جبکہ جن سکولوں میں امتحانات ہورہے ہیں ان کو بند کرنے کے بارے بھی غور کیاجائے گا،سمارٹ لاک ڈاؤن میں اضافے کا فیصلہ متوقع ہے۔علاوہ ازیں ملک میں کورونا کے پھیلاؤ کے علاقے کو ریڈ زون میں رکھنے کی تجویز پیش کی جائے گی۔شہر اقتدار میں دفعہ 188 لگانے کی تجویز بھی پیش کی جائے گی۔ان تجاویز کی روشنی میں فیصلہ کیاجائے گا کہ کورونا ایس اوپیز سے بچاو کے لئے مزید کیا اقدامات کئے جائیں۔
واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن نے کورونا کے تازہ اعدادو شمار جاری کردیے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے 44 افراد جاں بحق ہوئے۔ایک روز میں 3 ہزار 667 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔اب تک ملک میں کورونا کے باعث 13 ہزار 843اموات ہوچکیں ہیں،ملک بھر میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 81 ہزار 852 ہوگئی۔ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 6 لاکھ 26ہزار 802 ہوگئی۔
این سی او سی کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 41ہزار 960 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے،سندھ میں 2 لاکھ 63 ہزار 58، پنجاب ایک لاکھ 97 ہزار 177 کیسز رپورٹ ہوئے،خیبرپختونخوا 79 ہزار 245، بلوچستان میں 19 ہزار 327 کیس رپورٹ جبکہ اسلام آباد 51 ہزار 414، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 972 کیسز رپورٹ ہوئے،آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 11 ہزار 609 ہوگئی۔