لوئر مال (قیصر کھوکھر) لاہور سمیت مختلف شہروں میں کورونا کے کیسز میں اضافہ کے بعد پنجاب حکومت نے کوویڈ کے مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ہسپتالوں کی استعداد بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔
کورونا صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ویڈیو لنک کے ذریعے کی، چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر، سیکرٹری پرائمری ہیلتھ اور متعلقہ افسروں نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں مختلف شہروں بالخصوص لاہور میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد ہسپتالوں میں دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ لاہور کے تمام بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی تعداد میں ا ضافہ کیا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں لاہور میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے کورونا وائرس کے مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ نے اجلاس کو بریفنگ دی۔
واضح رہےکہ لاہور میں24 گھنٹے کے دوران مہلک وائرس مزید 14 قیمتی زندگیاں نگل گیا، 1262 نئے مریضوں سامنےآئے ہیں، شہر کے ہسپتالوں میں 417 مریض داخل ہیں، جن میں سے 164 انتہائی نگہداشت وارڈ اور 69 حالت تشویشناک ہونے کے باعث وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں، کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے لاہور سمیت پنجاب بھر میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے، ضلعی انتظامیہ نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر شہر بھر میں 34 دکانیں ، سٹورز و میرج ہالز سیل کردیئے ۔