مریم نواز کی نیب طلبی، مسلم لیگ (ن) نے بڑا فیصلہ کرلیا

21 Mar, 2021 | 12:27 PM

Sughra Afzal

ماڈل ٹاؤن (علی اکبر) نیب کی جانب سے مریم نواز کی طلبی اور لاہور ہائیکورٹ میں ضمانت منسوخی کی درخواست کا معاملہ، مریم نواز وکلاء ٹیم  سے حتمی مشاورت کے بعد نیب آفس طلبی کے خلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کریں گی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے نیب آفس طلبی کے نوٹس کے متعلق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور ایڈووکیٹ امجد پرویز سے مشاورت کی، وکلاء نے مریم نواز کو نیب کی جانب سے ہائیکورٹ میں ضمانت منسوخی کی درخواست بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ ہائیکورٹ نے نیب کی ضمانت منسوخی پر نوٹس جاری نہیں کیا، صرف جواب طلب کیا، چودھری شوگر ملز میں ضمانت منظوری کے خلاف نیب نے دوسال ہائیکورٹ سے رجوع کیا جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔

وکلاء نے مریم نواز سے جاتی امرا اراضی کیس میں نیب طلبی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وکلاء کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے جاتی امرا اراضی کیس اور دیگر معاملات میں طلبی کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مریم نواز کی نیب میں پیشی کے روز پاور شو لگانے کا فیصلہ کرلیا، پیشی کے روز پر مریم نواز کو کارکنوں کے ہمراہ قافلے کی صورت نیب کے دفتر لے جایا جائے گا۔ 

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں مسلم لیگی کارکنوں اور رہنمائوں کو باقاعدہ شیڈول جاری کرتے ہوئے ذمہ داریاں سونپی جائیں گی، مسلم لیگ ن کی جانب سے حکومت کے خلاف جارنہ پالیسی بھی مرتب کی جا رہی ہے جس کی باقاعدہ اجازت پارٹی قائد نواز شریف سے لی جائے گی۔

واضح رہےکہ   نیب نے مریم نواز کو چودھری شوگر ملز اور جاتی امرا اراضی کیس میں  26 مارچ کو طلب کیا۔

مزیدخبریں