فیروز پور روڈ (رانا آزر) سابق فاسٹ باؤلر محمد عامر نے دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیلئے قومی سکواڈ میں دو نوجوان فاسٹ باؤلرز شاہنواز دہانی اور محمد وسیم جونیئر کو شامل کرنے پر سوال اٹھایا ہے۔
ایک انٹرویو میں 28 سالہ نوجوان پیسر نے دورے کیلئے سلیکشن پالیسی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سلیکٹرز کے کیے گئے فیصلوں میں کوئی وژن نہیں ہے۔ عامر نے کہا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ پاکستان سپر لیگ میں وسیم جونیئر اور شاہنواز دہانی جیسے کھلاڑی صرف 5 میچز کی بنیاد پر سکواڈ میں آئے تھے، یہ کوئی مذاق نہیں ہے، وہ اچھے کھلاڑی ہیں لیکن کیا پاکستان کرکٹ اتنی خراب ہے کہ اگر آپ ایک دو میچز میں پرفارم کرتے ہیں تو آپ قومی ٹیم میں شامل ہو سکتے ہیں۔
فاسٹ باؤلر نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم لاٹری نہیں جہاں ہر کوئی اپنی مرضی کا کھلاڑی لاسکے۔ ہر سیریز میں سلیکشن کمیٹی دو سے تین نئے کھلاڑی لاتی ہے جب کہ چھ یا سات کھلاڑیوں کو باہر نکال دیا جاتا ہے، ایسا دنیا بھر میں کہیں اور نہیں ہوتا۔
عامر نے چیف سلیکٹر محمد وسیم پر بھی زور دیا کہ وہ'سوشل میڈیا کی مقبولیت' کی بجائے معیار اور پرفارمنس پر کھلاڑیوں کا انتخاب کریں۔