( سٹی 42 ) کورونا کا خطرہ، نیب کے دفاتر میں وزٹرز کے داخلے پر فوری پابندی عائد کردی گئی۔
چین سے شروع ہونے والا وائرس دنیا کے 175 ممالک میں پھیل چکا ہے جس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، اب تک یہ وائرس 8969 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے جبکہ ایک لاکھ 98 ہزار ابھی بھی زندگی و موت کی کشمکش میں ہیں، اس خطرناک وائرس نے اب پاکستان میں بھی پنجے گاڑ لیے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ ملک بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 690 ہے جن میں سے سندھ میں 357، پنجاب میں 104، بلوچستان میں 103، گلگت بلتستان میں 55، خیبرپختونخوا میں 27، اسلام آباد میں 10 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر نیب نے اپنے تمام دفاتر میں وزٹرز کے داخلے پر فوری پابندی عائد کردی ہے۔ کورونا کے حوالے سے چیئرمین نیب 24 مارچ کو نیب ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ سطح کےاجلاس کی صدارت کریں گے۔ ڈی جی نیب لاہور ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اجلاس میں کورونا وائرس کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔