(قیصر کھوکھر) کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال کےپیش نظرتمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کےساتھ مزید افسران تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ہنگامی صورتحال میں ریٹائرڈ افسران کی خدمات بطور رضاکار لی جا سکیں گی۔ چیف سیکرٹری نےدوروز میں پلان مرتب کرنے کی ہدایت کردی، خوراک اور دیگر اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنانے کاحکم بھی دے دیا۔
کیمپ آفس میں چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی سربراہی میں ہونیوالے اہم اجلاس میں کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر تمام صوبائی محکموں کی تیاریوں کا جائزہ لیاگیا۔تمام ایڈمنسٹریٹو سیکر ٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کیساتھ عارضی طور پر مزید افسران تعینات کئے جائیں گے۔عملہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے50سے زائد افسران کو فیلڈ میں تعینات کیا جائے گا۔کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریٹائرڈ افسران کی خدمات بطور رضاکار لی جا سکیں گی۔
چیف سیکرٹری نےمحکمہ سر وسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کو ریٹائرڈ فسران کی فہرستیں تیار کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا ہنگامی صورتحال کیلئے تمام محکمے اپنا اپنا پلان دوروز میں تیارکرلیں۔وہ تمام خواتین سرکاری ملازمین جن کے بچے ڈے کیئر سینٹر میں ہیں دفاتر میں حاضری سے مثتثنیٰ ہوں گی۔ چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ خوراک اور دیگر اشیاء ضروریہ کی بلا تعطل رسد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔