(قذافی بٹ) اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں پر تشدد کرنے کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔
قرارداد پیپلزپارٹی کے مخدوم سید عثمان محمود نے جمع کرائی جس میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے پیپلزپارٹی کے کارکنوں پر تاریخ کا بدترین تشدد کیا، کارکنان اپنی قیادت سے اظہار یکجہتی کے لیے نیب آفس اسلام آباد پہنچے تھے، پرامن کارکنان پر پولیس نے حکومت کے کہنے پر لاٹھی چارج کیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت کی جانب سے سیاسی کارکنوں پر بدترین تشدد کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، 126 دن تک دھرنا دینے اور ملک بھر میں لاک ڈاؤن کرنے والوں سے پرامن کارکنوں کا اپنی قیادت سے اظہار یکجہتی برداشت نہ ہوا جس سے نام نہاد جمہوری حکومت کا اصل آمرانہ چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ پیپلزپارٹی کے گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے۔