موسم نے لی انگڑائی، لاہور میں سردی واپس لوٹ آئی

21 Mar, 2018 | 01:22 PM

Read more!

(سیرت نقوی ) موسم نے لی انگڑائی، سردی واپس لوٹ آئی، لاہور کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہونے والی بارش نے باغوں کے شہر کا موسم سہانا بنا دیا۔لاہوریوں کے چہروں پر بھی بہار آگئی۔

گزشتہ روز سے ہی لاہور کا موسم انتہائی خوشگوار ہے، مگر آج صبح ہونے والی بارش سے لاہوریوں کے چہرے کھل اُٹھے، پتہ پتہ ڈالی ڈالی دھل گئی اور فضا نکھر گئی جبکہ بارش سےگرمی کی چھٹی ہوگئی اور جاتی سردی بھی واپس لوٹ آئی۔

جہاں بارش سے سبھی لوگ خوش ہیں وہیں کرکٹ شائقین اس بات سے پریشان ہیں کہ پی ایس ایل کا دوسرا پلے آف بارش کی نذر نہ ہوجائے، بارش کی تلوار  پی ایس ایل کے پہلے پلے آف  میچ پر بھی لٹکتی رہی لیکن ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور کرکٹ دیوانوں نے میچ کا خوب مزا اٹھایا۔ میچ تو زلمی نے جیت لیا لیکن گلیڈی ایٹرز نے خوب مقابلہ کیا۔

آج کے میچ میں خدشہ ہے کہ کہیں بارش رنگ میں بھنگ نہ ڈال دے۔ آج چونکہ بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی جاری ہے، امید ہےکہ کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان اچھے موسم میں زور کا جوڑ پڑے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 اورکم سے کم 14 ڈگری سینٹی گریڈ رہنےکا امکان ہے۔ ہواوں کی رفتار 11 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔

 یہ خبر پڑھیں۔۔۔پی ایس ایل تھری میں شکست کا اصل ذمہ دار کون ہے؟ معین خان نے بتا دیا

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ  شہر میں بوندا باندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا،جس سے میچ میں کچھ تاخیر ہو سکتی ہے تاہم شائقین سہانےموسم میں اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی جانب سے میدان میں چوکے چھکوں کی برسات ہو تی دیکھ سکیں گے۔

مزیدخبریں