ایف آئی اے نے انسانی سمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث 4 اشتہاری ملزمان گرفتار کرلئے

21 Jun, 2024 | 09:12 PM

عرفان ملک :ایف آئی اے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے 4 اشتہاری ملزمان گرفتار کرلئے۔ 

وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی ہدایات پر انسانی سمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ایف آئی اے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل لاہور نے کارروائی کے دوران انسانی سمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث 4 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں محمد عمران، آصف،  بابر اور گلزار شامل ہیں، ملزمان کو لاہور کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ، گرفتار ملزمان انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث تھے۔ ملزم محمد عمران نے معصوم شہری کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورے، ملزم محمد عمران گزشتہ 3 سال سے مطلوب تھا، جبکہ اشتہاری ملزم آصف اور بابر نے شکایت کنندہ کو سعودی عرب ملازمت کاجھانسہ دے کر 10 لاکھ 80 ہزار روپے ہتھیائے،  ملزم آصف اور بابر گزشتہ 6 سال سے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کو مطلوب تھے، اشتہاری ملزم گلزار نے بیرون ملک ملائیشیاء ملازمت کا جھانسہ دے کر 3 لاکھ 90 ہزار روپے بٹورے، گرفتار ملزمان پیسے وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے تھے۔ 

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ 



مزیدخبریں