ویب ڈیسک : عید پر صفائی کے بہترین انتظامات پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سینٹری ورکرز اور چیف آفیسرز کو وزیر اعلیٰ آفس بلا لیا، عید پر بہترین کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا اور شاباش دی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کودو سینٹری ورکر نے پنسل سے بنا پورٹریٹ پیش کیا، جس پروزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ان کاشکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بہترین کارکردگی پر سینٹری ورکرز میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ مریم نواز اپنی نشست چھوڑ کر سینٹری ورکرز کے درمیان جا کر بیٹھ گئیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے خواتین سینٹری ورکرز سے احوال دریافت کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے سینٹر ی ورکرز اور چیف آفیسرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہیروز کے درمیان بیٹھنا چاہتی ہوں، دلی مسرت ہورہی ہے۔عید فیملی کے ساتھ نہیں منائی بلکہ پنجاب میں صفائی کرائی اور نگرانی کی۔ خوش ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے عوام کی خدمت کا شرف عطا کیا ہے۔صفائی عید تک محدود نہیں، ستھرا پنجاب ایسے ہی ہونا چاہیے،ہر روز ایسے ہی پنجاب چمکانا ہے۔معروف صحافی اور ویلاگر رضی دادا نے کہا کہ بیٹی آئی ہے تو گھر کی طرح پنجاب چمک رہا ہے۔اپنے ملک کو صاف رکھنا،آلائشیں اور گندگی اٹھانا بہت بڑا کام ہے۔سینٹری ورکرز نے تین دن اتنی گرمی میں 20،20 گھنٹے کام کیا۔سب ہیروز کو بہترین صفائی پر شاباش دیتی ہوں۔ بڑے پیمانے پرجانوروں کی قربانی ہوئی، اس دفعہ کہیں گندگی یا تعفن نظر نہیں آیا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں عید پرصفائی کے سب معترف ہیں، مخالفین نے بھی کہا شاید اتنی قربانی نہیں ہوئی۔ سڑکوں کو ایسے دھویا کہ جیسے کوئی گھر کو صاف کرتا ہے،بو ختم کرنے کے لئے عرق گلاب ملے پانی کا چھڑکاؤ کیا۔ اپنے ملک، صوبے اور شہر کو صاف رکھنا ہے،سر فخر سے بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں ویسٹ مینجمنٹ کا سسٹم لا رہے ہیں، وسائل بھی مہیا کر یں گے۔ اربن ایریا کے ساتھ دیہاتی علاقوں میں بھی صفائی ہوئی۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے عید پر ستھرا پنجاب مشن پر بریفنگ میں بتایا کہ عید کے تین دنوں میں ایک لاکھ 80 ہزار ٹن ویسٹ تلف کیا گیا۔ 18لاکھ جانوروں کی آلائشوں کو مناسب طریقے تلف کیا گیا۔ 32 ہزار سے زائد بائیو ڈیگریڈ ایبل بیگ تقسیم کیے گے۔55 ہزار سینٹری ورکرز نے شدیدگرمی میں فرائض سرانجام دیئے۔
وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، وزیر بلدیات ذیشان رفیق، معاونین خصوصی ذیشان ملک، راشد نصراللہ، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی ملک بلال ذوالفقار کھوکھر،پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال، سیکرٹریز، لوکل گورنمنٹ اور ایل ڈبلیو ایم سی کے حکام نے ملاقات میں شرکت کی، جبکہ کمشنر فیصل آباد،ڈی جی خان، بہاولپور، سرگودھا، راولپنڈی،ساہیوال،گوجرانوالہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔