ویب ڈیسک: ا داکارہ سنیتا مارشل نےمداحوں سےنادر علی پر تنقید بند کرنے کی اپیل کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سنیتا مارشل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی چند مسکراتی تصویریں شیئر کرتے ہوئے حالیہ تنازع پر پیغام جاری کیا ہے۔
سنیتا مارشل نے انٹرویو کرنے والے کے نازیبا ریمارکس کے ردعمل میں خود کو سپورٹ کرنے والی سب ہی معروف شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین کو مخاطب کرتے ہوئے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ "مجھے سپورٹ کرنے کے لیے میں آپ سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، میں آپ سب سے یہ بھی درخواست کروں گی کہ برائے مہربانی انٹرویو لینے والے کو مزید ہراساں نہ کریں۔"
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا ہے کہ" میں شو کے تمام میزبان حضرات جو انٹرویو لیتے ہیں اِنہیں کہنا چاہوں گی کہ برائے مہربانی مستقبل میں اس قسم کے ذاتی نوعیت کے سوالات نہ کیجیئے گا۔"
واضح رہے کہ حال ہی میں نادر علی کی پوڈ کاسٹ میں اداکارہ سنیتا مارشل نے شرکت کی تھی,اس دوران نادر علی نے اداکارہ سے مذہب جیسے حساس موضوع پر کھُل کر سوال کی،نادر علی نے سنیتا اور اُن کے بچوں کے مذہب سے متعلق سوالات سمیت اُنہیں ہدایت ملنے کی دعا بھی دے ڈالی تھی۔
بعد ازاں نادر علی کے سنیتا مارشل سے مذہب کی تبدیلی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انٹرنیٹ صارفین سمیت شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات نے بھی میزبان پر سخت تنقید کی تھی۔