علی رضا: نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں لاہور کے زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سمن آباد پراجیکٹ چند روز میں مکمل کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نےڈویلپمنٹ پراجیکٹس میں تاخیر کے اسباب فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سمن آباد پراجیکٹ کو عوام کی سہولت کیلئے جلد ازجلد فنکشنل کیا جائے۔
اجلاس میں ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے،سی بی ڈی مین بلیوارڈ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ مین بلیو وارڈگلبرگ تا والٹن سگنل فری کوریڈور پراجیکٹ کے تکنیکی پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے نواز شریف انٹر چینج انڈرپاس، ارفع کریم ٹاور تا پائن ایونیو پراجیکٹ کا بھی جائزہ لیا، گھوڑا چوک، خالد بٹ چوک اور اکبر چوک منصوبوں پر کام کی رفتار کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے لاہور میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنے کے لئے ان منصوبوں کے منتظمین کو ہدایت کی کہ کام کی بروقت تکمیل میں حائل مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
دریں اثنا لاہور کےکمشنر اور لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد علی رندھاوا نے کل شب رات گئے سمن آباد انڈر پاس پروجیکٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے کام کی رفتار کا تفصیل سے جائزہ لیا۔ پروجیکٹ کے منتظمین نے انہیں بتایا کہ انڈرپاس کے کیرج وے پر کام پوری رفتار سے دن رات جاری ہے، ایک سائیڈ کی فیسنگ والز مکمل ہو چکی ہیں۔ دونوں اطراف کی بیرل پر کام جاری ہے، انڈر پاس سے منسلک ایک سروس روڈ مکمل ہو رہی ہے،انڈر پاس جلد آپریشنل کر دیاجائے گا۔