عظمت اعوان: نگران حکومت نے پسماندہ علاقوں کے ہسپتالوں کو بہتر کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھانا شروع کردیئے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی منظوری کے بعد پنجاب کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں انستھزیا مینجمنٹ سسٹم نافذ کردیا گیا ہے اس کے علاوہ مریضوں کو بے ہوش کرنے والے پرائیویٹ ڈاکٹرز کی خدمات حاصل کرنے کا بڑا فیصلہ لیا گیا ہے جس سے پسماندہ علاقوں کے ہسپتالوں میں سرجری آپریشن عملی طور پر ہو سکیں گے۔
وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر کا کہنا تھا کہ نگران حکومت نے پسماندہ علاقوں کے ہسپتالوں میں سرجری آپریشن کرنے کیلئے عملی اقدامات کی منظوری دے دی ہے،مریضوں کو بے ہوش کرنے والے ڈاکٹروں کی کمی پسماندہ علاقوں کے ہسپتالوں میں آپریشن کرنے میں رکاوٹ ہے ، ضلعی اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں آپریشن کرنے کیلئے مریضوں کو بے ہوش کرنے والے پرائیویٹ ڈاکٹروں کو فی کیس ادائیگی کی جائے گی۔
ڈاکٹر جمال ناصر کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں پرائیویٹ انستھزیا سپیشلسٹ کو ایک کیس کے تین ہزار روپے دئیے جائیں گے ، اس اقدام کے نتیجے میں مقامی طور پر ہزاروں مریضوں کے آپریشن ہو سکیں گے ،بڑے شہروں کے ہسپتالوں پر آپریشنز کا دباؤ کم ہوگا،پرائیویٹ انستھزیا سپیشلسٹ کی خدمات حاصل کرنے سے مریضوں کی مشکلات میں کمی ہوگی،ہماری کوششوں کا مقصد غریب مریضوں کو ریلیف دینا ہے، نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی سرکاری ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے پر ذاتی طور پر توجہ دے رہے ہیں ۔