(سٹی42) پنجاب میں 20 صوبائی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا معاملہ،چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نےوزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو مراسلہ ارسال کردیا۔
ذرائع چیف الیکشن کمشنر کےمطابق مراسلے میں پنجاب کے حلقہ پی پی 167 میں دو پارٹیوں کے درمیان فائرنگ اور تصادم کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا گیا،پی پی 167 میں پر تشدد واقعات سے انتطامیہ اور سیکورٹی کی کمزوری سامنے آ رہی ہے، آنے والے پنجاب کے 20 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں سیکورٹی اور انتظامی صورتحال کو بہتر کیا جائے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا کہ ہر حال میں پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ووٹرز کے لیے پر امن اور سازگار ماحول کو یقینی بنایا جائے،حالیہ پر تشدد واقعات میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز مثالی کاروائی کی جائے۔
دوسری جانب شہر لاہور میں چار حلقوں میں ضمنی الیکشن کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن لاہور خواجہ عمران نذیر کو ٹاسک دے دیا۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی کامیابی کے حوالےسے تنطیم کو متحرک کریں، کارکنان ن لیگ کی کامیابی میں کردار ادا کریں، لیگی رہنما خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق لاہور تنظیم ضمنی الیکشن میں کامیابی کے لئے متحرک کردارادا کرے گی، عوام جانتے ہیں کہ مسلم لیگ ن ہی عوامی مسائل کو حل کرے گی۔