الیکشن اور نیب ترمیمی بلز اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دیے گئے

21 Jun, 2022 | 12:41 PM

ویب ڈیسک:قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے صدر مملکت کی جانب سے بغیر دستخط کے واپس کیے گئے الیکشن ترمیمی بل اور نیب ترمیمی بل اسپیکر راجہ پرویز اشرف کو بھجوا دیے۔

آئین کے آرٹیکل 75 کی شق نمبر 2 کے تحت دونوں بلز سے متعلق صدارتی فائل کے ساتھ بلز کو قانونی شکل دینے کی سمری بھی اسپیکر قومی اسمبلی کو بھیجی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر کی طرف سے سمری پر دستخط کے بعد نیب ترمیمی بل 2022ء اور الیکشن ترمیمی بل 2022ء نافذالعمل ہوجائیں گے۔

سمری پر اسپیکر کی طرف سے آج دستخط کردئیے جائیں گے، جس کے بعد دونوں قوانین کل سے باضابطہ لاگو ہو جائیں گے۔ قومی اسمبلی حکام کے مطابق دونوں بلز کا گزٹ نوٹی فکیشن بھی جاری ہوگا۔

واضح رہے کہ صدر مملکت نے نیب ترمیمی بل بغیر دستخط واپس کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہوں کہ صدر پاکستان کے بل پر دستخط نہ کرنے کے باوجود یہ بل قانون کی حیثیت اختیار کرلے گا لیکن میرا ضمیر مجھے احتساب ترمیمی بل پر دستخط کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔
 

مزیدخبریں