ویب ڈیسک:ملک کے بیشتر علاقوں میں پری مون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بادلوں نے رنگ جما دیا۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، کہیں ہلکی کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا، فیصل آباد، جھنگ، ننکانہ، پتوکی، چشتیاں اوکاڑہ میں طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، درجنوں فیڈر ٹرپ کر گئے، بجلی کا نظام معطل ہوگیا۔
لاہور میں تیز بارش اور آندھی سے لیسکو کے 250 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے شہر کا زیادہ علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا جبکہ قصور میں مکان کی چھت گرنے سے چار بچوں سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حالیہ پری مون سون بارشوں سے پیاسے چولستان میں جاری خشک سالی کا خاتمہ ہوا، محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ اگلے چند روز تک جاری رہے گا۔
دوسری جانب ناران، لولوسر اور بابو سر ٹاپ پر برفباری کے باعث موسم سرد ہوگیا، ناران، بابو سر ٹاپ کو عارضی طور پر بند کردیا گیا۔
سکردو میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ سے سکردو جگلوٹ شاہراہ روندو میں دو مقامات پر بلاک ہو گئی، سیکڑوں سیاح اور مسافر پھنس گئے، سکردو شاہراہ کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔