سٹی 42: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نئےپارکنگ اسٹینڈکا افتتاح کر دیا گیا،وفاقی وزیر ایوی ایشن غلام سرور نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر تعمیر کیے گئے3منزلہ عالمی معیار کے پارکنگ کمپلیکس کا افتتاح کیا۔
تفصیلات کےمطابق وفاقی وزیر ایوی ایشن غلام سرور نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر نئے تعمیر کیے گئے3منزلہ عالمی معیار کے پارکنگ کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ لاہور ایئر پورٹ پر منعقدہ افتتاحی تقریب میں سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن شوکت علی اور ڈی جی پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی خاقان مرتضیٰ، مینجر لاہور ایئرپورٹ اختر پرویز مرزا سمیت سی اے اے کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر غلام سرور کا کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے، ساڑھے 7 ارب روپے کی لاگت سے لاہور ایئر پورٹ پر 3800 گاڑیوں کے پارکنگ کمپلیکس کے منصوبہ قابل تحسین ہے، ترجمان لاہورایئر پورٹ کاکہنا تھا کہ کار پارکنگ کمپلیکس انڈر گراؤنڈ دو بیسمینٹس اور ایک گراؤنڈ فلور پر مشتمل ہے،منصوبہ 2017 میں شروع ہوا اور 2020 میں مکمل کر لیا گیا تھا، جس کا آج باقاعدہ افتتاح کیا گیا ہے۔ پارکنگ ایریا کی تعمیر سے ملک کے تیسرےبڑے ایئرپورٹ پر مسافروں اور انکے عزیزواقارب کو گاڑیوں کی پارکنگ میں سہولت فراہم ہو گی۔