وقاص احمد: شہر لاہور مختلف وجوہات پر جان لینے کا سلسلہ جاری، صوبائی دارالحکومت میں 24 گھنٹوں کے دوران 2 خواتین سمیت 5 افراد کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے پانچ افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیاہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر لاہور میں چوبیس گھنٹوں میں پانچ افراد کی زندگیاں چھین لی گئیں۔ ہربنس پورہ میں سسرالیوں نے مبینہ طور پر پٹرول چھڑک کر 3 بچوں کی ماں کو قتل کردیا۔ پولیس نے مقتولہ کےخاوند کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دی۔
ادھر شمالی چھاؤنی میں ڈکیتی مزاحمت پرزاہد نامی نوجوان کو ڈاکوؤں نے قتل کر دیا تو کاہنہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کےارسلان نامی نوجوان کوقتل کر دیا جبکہ فائرنگ کرنے والے موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق نواں کوٹ میں 2 گروپوں میں تصادم کے دوران فائرنگ سے راہ گیر یاسمین سر میں گولی لگنے سے ہلاک ہوگئی جبکہ ملزم فائرنگ کرتے فرار ہو گئے، تاہم پولیس نے 4 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
شیراکوٹ کے علاقہ میں آفاق اور سلمان کا پیسوں کے لین دین پر جھگڑا ہوا، سلیمان نے آفاق کو سر میں ایبٹ مار دی۔ زخمی کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم سلمان کی تلاش جاری ہے۔
شہر میں قتل کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے پولیس کو جہاں ملزموں کو سخت سزائیں دلوانا ہونگی، وہی معاشرے میں برداشت کا کلچر بھی پیدا کرنا ہوگا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عدم برداشت کی وجہ سے لوگوں میں گھریلو جھگڑے، جہالت اور ذہنی تناؤ بڑھ رہاہے۔ خود پر کنٹرول نہ ہونےسے شہری معمولی تلخ کلامی پر ایک دوسرے کو قتل کرنے کیلئے تیار ہوجاتے ہیں۔